لاہور پریس کلب میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد۔۔

لاہور پریس کلب کے زیراہتمام لائف ممبر اور ممتاز شاعر قائم نقوی مرحوم اور دانشور شاعرپروفیسر اختر شمار مرحوم کی یاد میںتعزیتی ریفرنس کا اہتمام کیا گیا۔ تعزیتی ریفرنس میں ممتاز ادیب محقق اور نقاد غافرشہزاد ، حسین مجروح، علامہ صدیق اظہر، دین محمد درد، اقبال بخاری ،تاثیرمصطفی ،سعید اختر ، علی اصغرعباس، نوید صادق ، اقبال جکھڑ، الیاس قادری ، قمرالزمان بھٹی ، لبنی خان ودیگر نے شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہارکیا۔ شرکاءمحفل نے مرحومین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ زندگی اور موت کاتعلق لاینحل ہے ، ہماری زندگی ایسی ہے جس کی کسی بھی موڑ پر شام ہوجائے جس کے لئے ہم مجبورہیں لیکن زندگی میں جو کردار ہم ادا کرجائیں وہ اگر اچھے الفاظ میں یاد رکھا جائے تو سمجھ لیں کہ ہماری زندگی رائیگاں نہیں گئی، ہمارے دوست اور بچھڑنے والے ساتھی قائم نقوی اورپروفیسر اختر شمار کا شمار انھیں عظیم لوگوں میں ہوتاہے جو اپنی زندگی کو آنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ بناگئے،وہ ایک درویش صفت انسان تھے ، انھوں نے اپنے کلام سے سینکڑوں نوجوانوں کو ادب کی تہذیب سے آشناکیا ، مرحومین کی خدمات کو تاقیامت یاد رکھاجائے گا۔ لاہور پریس کلب کے صدر اعظم چوہدری اور سیکرٹری عبدالمجید ساجد نے شرکاءمحفل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ لاہور پریس کلب اپنی ادبی ، صحافتی اور تہذیبی روایات کو ہمیشہ سے آگے بڑھاتارہاہے اور ہم معاشرے کو علم ، روایت سیاست اور ادب کے حوالے سے تہذیب دینے والے اپنے محسنوں کو کبھی فراموش نہیں کرتے ، لاہور پریس کلب جہاں ایک فیملی پریس کلب ہے وہاںعلم و ادب کا گہوارہ بھی بننا چاہیے اور ہم اس کے لئے بھرپور کوشش کرتے رہیں گے، یہاں مشاعرے اور ادبی محفلیں اپنی روایت کے ساتھ ہمیشہ جاری رہیں گی۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں