رکن قومی اسمبلی اور ٹی وی میزبان عامر لیاقت حسین ایک بار پھر چھوٹی اسکرین پر طویل عرصے بعد متنازع شو کی میزبانی کرتے دکھائی دیں گے۔جی ہاں، عامر لیاقت حسین پہلی بار کسی ریئلٹی شو کی میزبانی کرتے دکھائی دیں گے، ماضی میں وہ ٹاک شوز، مذہبی پروگرامات اور گیم شوز کی میزباتی کرتے رہے ہیں۔عامر لیاقت حسین اب جلد ہی ’بول ٹی وی‘ پر بھارت کے متنازع ترین ریئلٹی شو ’بگ باس‘ کی طرز کا پروگرام ’بول ہاؤس‘ کرتے دکھائی دیں گے۔ ٹی وی چینل کی جانب سے شیئر کیے گئے پروگرام کے ٹریلر سے عندیہ ملتا ہے کہ مذکورہ شو بھارتی متنازع شو ’بگ باس‘ کا پاکستانی ورژن ہوگا، جس میں شرکت کرنے والے مہمانوں کو ایک ماہ تک پروگرام کے سیٹ کے اندر ہی رہنا پڑے گا۔ٹریلر میں عامر لیاقت حسین بتاتے سنائی دیتے ہیں کہ پروگرام میں شرکت کرنے والے افراد کو ایک ماہ تک ’بول ہاؤس‘ میں رہنا ہوگا اور انہیں صرف موبائل فون دیا جائے گا۔ٹریلر میں عامر لیاقت حسین نے بتایا کہ وہ جلد ہی مذکورہ پروگرام کی میزبانی کرتے دکھائی دیں گے، تاہم انہوں نے واضح نہیں کیا کہ شو کو کب تک نشر کیا جائے گا۔

