کراچی سے شائع ہونے والے اخبار حریت نے بھتہ وصولی کے الزام میں گرفتار ہونے والے اپنے ٹرینی رپورٹر ساجد پیرزادہ سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ تھانے سے رابطہ کیا ہے اور ملزم کو سخت سے سخت سزا دینے کے لئے باضابطہ درخواست جمع کرادی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کورنگی انڈسٹریل ایریا میں بھتہ وصولی کے جرم میں گرفتار چار ملزمان میں سے ایک کا تعلق روزنامہ حریت سے تھا، ملزم سے اخبارکا کارڈ برآمد ہوا تھا۔۔ ترجمان حریت میڈیا گروپ شمس تبریزی کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق روزنامہ حریت سے وابستہ ٹرینی رپورٹر ساجد پیرزادہ کی بھتے لینے کی ایف آئی آر اور گرفتاری کے بعد پیدا ہونیوالی صورتحال پر حریت میڈیا گروپ نے اپنی ساٹھ سالہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے خود متعلقہ تھانے میں سخت سے سخت سزا و کاروائی کیلئے ترجمان حریت میڈیا گروپ شمس تبریزی نے باضابطہ درخواست جمع کروائی ۔ اس موقع پرایس ایچ او تھانہ کورنگی انڈسٹریل ایریا خوشنود جاوید کا کہنا تھا کہ ہمیں خوشی ہوئی کہ آپ نے حق اور سچ کا علم بلند کرتے ہوئے سچائی کا ساتھ دیا ۔ترجمان کے مطابق حریت میڈیا گروپ نے ہمیشہ ایسے عوامل کی سخت ترین مذمت اور نشاندہی کی ہے ہم نے ہمیشہ مثبت صحافت کو فروغ دیا ہے انشاءاللہ مزید اپنا مثبت انفرادی و اجتماعی کردار ادا کرتے رہیں گے ۔

