پشاور پریس کلب نے ہمیشہ معاشرے کے حقیقی مسائل کو اُجاگر کرکے عوام اور حکومت کے درمیان رابطہ پُل کا کردار ادا کیا، وزیراعلی محمود خان نے ہمیشہ صحافیوں کے مسائل کے بروقت حل کو ترجیح دی، پریس کلب کابینہ کیساتھ مل کر صحافی دوست اقدامات اٹھارہے ہیں، ان خیالات کا اظہار وزیراعلی محمود خان کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلی تعلیم کامران بنگش نے اپنے دورہ پشاور پریس کلب کے موقع پر کیا۔ اس دوران ڈائریکٹر جنرل انفامیشن امدادللہ خان اور وزیراعلی کے فوکل پرسن برائے سوشل میڈیا سید فرقان کاکا خیل بھی ان کے ہمراہ تھے۔ معاون خصوصی نے نومنتخب صدر ایم ریاض اور اسکی کابینہ سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں وزیراعلی محمود خان کا تہنیتی پیغام پہنچایا۔ کامران بنگش کامیاب ہونے والے امیدواروں کو ہار بھی پہنائے۔اس موقع پرانہو ں کہا کہ جو بھی پینل پریس کلب کے اقتدار میں آتا ہے صحافیوں کی فلاح و بہبود اس کا منشور ہوتاہے۔ جمہوری طریقے سے انتخابات کرانا پشاور پریس کلب کی ریت رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ پشاور پریس کلب اپنی تاریخی ساکھ بحال کئے ہوئےہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ اطلاعات اور میڈیا کا چولی دامن کا ساتھ ہے اور اس ضمن میں محکمہ اطلاعات بالخصوص اور حکومت خیبرپختونخوا بالعموم موجودہ کابینہ کے ساتھ ملکر صحافی دوست پالیسیاں مرتب کریگی ۔ ہماری حکومت نے ہمیشہ صحافیوں کے مسائل کے بروقت حل کو ترجیح دی ہے اور ان کے فلاح و بہبود کو مقدم رکھا ہے۔ نومنتخب صدر ایم ریاض نے معاون خصوصی کے پریس کلب آمد کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور ان سے حلف برداری تقریب کے جلد سے جلد انعقاد کی بھی استدعا کی ۔ ۔

