امریکی صحافی ڈینیئل پرل قتل کیس کے چاروں ملزمان کی نظر بندی میں 3 ماہ کی توسیع کر دی گئی۔اس ضمن میں محکمۂ داخلہ سندھ نے چاروں ملزمان نظر بندی میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ڈینیئل پرل قتل کیس میں بری چاروں ملزمان مزید 3 ماہ نظر بند رہیں گے۔ملزمان میں احمد عمر سعید، فہد نسیم، سلمان ثاقب اور شیخ محمد شامل ہیں۔چاروں ملزمان کو انسدادِ دہشت ایکٹ کی دفعہ 11 ٹرپل ای کے تحت نظر بند رکھا گیا ہے۔محکمۂ داخلہ سندھ کے نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ملزمان کو رہا کر دیا گیا تو وہ پھر سے دہشت گردی کا نیٹ ورک بنا سکتے ہیں۔واضح رہے کہ سندھ ہا یی کورٹ نے امریکی صحافی ڈینیئل پرل کے قتل کیس میں چاروں ملزمان کی سزاؤں کو کالعدم قرار دیا تھا۔جنوری 2002ء میں وال اسٹریٹ جرنل کے صحافی ڈینیئل پرل کراچی میں اغواء ہو گئے تھے۔فروری 2002ء میں امریکی سفارت کاروں کو ایک ویڈیو ٹیپ ملی تھی جس سے تصدیق ہوگئی تھی کہ 38 سالہ ڈینیئل پرل کو قتل کیا جا چکا ہے، دہشت نے ان کا سرقلم کر دیا تھا۔

