twenty four news ki gaari par hamla

24 کی بندش پر، پیپلزپارٹی،ق اور نون لیگ کی مذمت۔۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے چینل 24 کی بندش کے فیصلے کو آزادی صحافت پر حملہ قرار دیدیا، انھوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت آزادی اظہار کا گلا گھونٹ کر اپنی نااہلی پر پردہ ڈالنا چاہتی ہے، فاشسٹ حکومت کی جانب سے ناپسندیدہ اینکرز اور رپورٹرز کو نشانہ بنایا جارہا ہے، چینل مالکان پر نام نہاد مثبت رپورٹنگ کے لئے دباؤ ڈالا جارہا ہےجو اختلاف کا اظہار کرے، کٹھ پتلی حکومت اس کی آواز کو قتل کرنے کی کوشش کررہی ہے،حکومت فی الفور چینل 24 پر سے پابندی کے فیصلے کو واپس لے،میڈیا انڈسٹری کی تباہی کا ذمہ دار عمران خان ہے،میڈیا ورکرز کے مسائل کی ذمہ داری پی ٹی آئی پر عائد ہوتی ہے، پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے بھی چینل 24 کی بندش کی مذمت کر تے ہوئے کہا کہ جو عمران خان سے اختلاف کرے، اس کی آواز دبادی جائے، کیا یہ ہے نیا پاکستان؟عمران خان سے اختلاف کرنے والے اینکرز کے پروگرامز بند کرائے گئے، چینل مالکان پر دباؤ ڈالا گیا،عمران خان اگر اختلاف برداشت نہیں کرسکتے تو کرسی چھوڑدیں،پیمرا فوری طور پر چینل ٹوئنٹی فور کی بندش کا فیصلہ واپس لے۔ دریں اثنا ۔۔پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین، اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی ایم این اے نے 24 نیوز چینل کے لائسنس کی معطلی کو قابل افسوس اور بلاجواز قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ان کا لائسنس فوری بحال کیا جائے، اظہار رائے پر پابندی جمہوری حکومتوں کیلئے نقصان دہ ثابت ہوتی ہے، پیمرا میڈیا کے ساتھ برداشت اور دوستانہ رویہ رکھے۔ انہوں نے کہا کہ پیمرا کے اس اقدام کی حمایت نہیں کی جا سکتی کیونکہ اس سے اظہار رائے پر پابندی کے ساتھ ساتھ ملازمین کو بھی بے روزگار کرنے کا تاثر پیدا ہو رہا ہے۔ق لیگی قائدین نے کہا کہ ہماری جماعت پاکستان مسلم لیگ نے ہمیشہ آزاد میڈیا اور اظہار رائے کی آزادی کی نہ صرف عملی حمایت کی ہے بلکہ کسی بھی ٹی وی چینل اور اخبار کے خلاف اقدام کی ہمیشہ مخالفت کی ہے اور صحافت و صحافیوں کا کھل کر ساتھ دیا ہے کیونکہ وہ میڈیا کو ریاست کا چوتھا ستون سمجھتی ہے اور ریاست کے استحکام کیلئے اس ستون کا مستحکم ہونا بھی ضروری ہے۔ علاوہ ازیں۔۔مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے نجی نیوز چینل 24کی بندش اور 965 ملازمین کی نوکری ختم ہونے پرغم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ثابت ہوگیا کہ عمران صاحب ظالم اور فسطائی حکمران ہیں جن کا جمہوریت سے دور کا بھی لینا دینا نہیں عمران مافیا کی قیادت میں ملک بند، پارلیمان بند، معیشت بند، روزگار بند، روٹی بند، کاروبار بند، میڈیا بند صرف منہ چل رہے ہیں ۔اپنے بیان میں سابق وفاقی وزیر اطلاعات  مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب معیشت تباہ، عوام کو بیروزگاراور اشیائے ضروریہ کی قلت پید اکرکے پاکستان میں خانہ جنگی کرانے کی سازش کررہے ہیں، عمران صاحب نے اے ٹی ایمز کو نوازا، لاکھوں لوگوں کو بیروزگار کردیا ،عمران صاحب اس ایک ہزار خاندان کے روٹی روزگار کا کیا ہوگا؟ جواب دیں نئے پاکستان میں سچ بولنے والوں پر روزگار کے دروازے بند کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ  نئے پاکستان کا دستور فسطائیت، جھوٹ اور غلامی ہے ، عمران صاحب کی فسطائیت کی سیاہ رات میں تبدیلی صرف ضمیرفروشوں، ابن الوقتوں اور چاپلوسوں کے لئے آئی ہے ،عمران صاحب سچ بولنے والوں کی زبان بندی سے تاریخ کے آئینے میں آپ کا چہرہ سیاہ ہی رہے گا بیروزگار ہوتے مظلوم میڈیا ورکرز اور غریب عوام پر ہر ظلم کا آپ کو حساب دینا ہوگا ،فسطائیت کے خلاف، دستوری حقوق اور آزادی اظہار رائے کے آئینی حق کی جدوجہد میں میڈیا ورکرزکے ساتھ ہیں۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں