شہری سے فراڈ کرکے غائب ہونے والی اداکارہ وٹی وی ہوسٹ عائشہ ثنا کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے۔خاتون میزبان پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک شہری سے 2 کروڑ روپے کی رقم لی اور اس کے بعد روپوش ہوگئیں۔ انہیں یہ رقم فراہم کرنے والے محمد علی معین نامی شہری نے لاہور کے تھانہ ڈیفنس بی میں عائشہ ثنا کے خلاف دھوکہ دہی اور جعلی چیک کا مقدمہ درج کرایا ہے۔تھانہ ڈیفنس بی کے تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج ہونے کے باوجود اداکارہ عائشہ ثنا تفتیش میں شامل نہیں ہورہیں جس کی وجہ سے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔واضح رہے کہ متاثرہ شہری محمد علی معین کی طرف سے لاہور کے تھانہ ڈیفنس بی میں اداکارہ کے خلاف دھوکا دہی اور جعلی چیک دیئے جانے کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے درخواست دی گئی تھی جس میں درخواست گزار نے کہا تھا کہ عائشہ ثنا ان کی فیملی فرینڈ ہیں جنہوں نے ان سے گھریلو ضروریات کے لیے 20 لاکھ روپے ادھار لیے تھے بعد ازاں وہ میرے پیسے لے کر فرار ہوگئیں تاہم اب پولیس کی جانب سے عائشہ ثنا کے خلاف فراڈ کا مقدمہ تھانہ ڈیفنس بی میں درج کر لیا گیا ہے۔لاہور کی مقامی عدالت نے عائشہ ثناء کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا

