چھاتی کے سرطان سے لڑنے والی باہمت اداکارہ و میزبان نادیہ جمیل کو2دن قبل جسم میں کسی وائرس کی موجودگی کے باعث لندن کے ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔انہوں نے سوشل میڈیا پرا پنے مداحوں کو بتایاتھاکہ ان کے جسم میں کوئی وائرس موجود ہے اور ڈاکٹرز کو امید ہے کہ وہ کورونا وائرس نہیں ہوگا ۔ ان کاکہناتھاکہ انہوں نے کئی گھنٹوں سے کھانا نہیں کھایا، ان کی ٹانگوں میں درد ہے اورمتلی بھی ہورہی ہے ۔ہسپتال میں داخل کرنے کے بعد نادیہ جمیل کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا جو خوش قسمتی سے منفی آگیا ہے،آج ان کے دماغ کے سی ٹی سکین کی رپورٹ آئے گی۔فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر نادیہ جمیل نے اپنی ایک تصویر پوسٹ کی جس میں اداکارہ اسپتال کے کمرے میں موجود ہیں اور اُن کے ہاتھ پر ڈرپ لگی ہوئی ہے۔تصویر پوسٹ کرتے ہوئے نادیہ جمیل نے لکھا کہ ’دس گھنٹے بعد مجھے اسپتال کے ایک کمرے میں داخل کیا گیا ہے جہاں میرے لیے بیڈ کے ساتھ تکیہ اور کمبل موجود ہے اورمیں اس کے لیے اللّہ تعالیٰ کی شُکر گزار ہوں۔نادیہ جمیل نے لکھا کہ ’مجھے نہیں معلوم کہ کیا ہو رہا ہے، بس اتنا جانتی ہوں کہ ڈاکٹرز کو میرے اندر انفیکشن کا شبہ ہوا ہےاور وہ نہیں سمجھتے کہ یہ انفیکشن کوویڈ 19 ہے۔اداکارہ نے اپنی کیفیت سے آگاہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’میرے دل کی دھڑکن تیز ہوتی جارہی ہے، میں نے ابھی تک کچھ نہیں کھایا ہے، مجھے متلی محسوس ہورہی ہے اور ٹانگوں میں بھی تکلیف ہے لیکن میں پھر بھی اپنے رب کا شکر ادا کرتی ہوں کہ میں اپنے کمرے کی کھڑکی سے اُس کا تخلیق کیا گیا خوبصورت آسمان دیکھ سکتی ہوں۔نادیہ جمیل نے کورونا کی وجہ سے اسپتالوں کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے لکھا کہ ’کوویڈ 19 نے واقعی اسپتالوں کو مغلوب کر دیا ہے۔

