bijli ke mein ptv fees khatam karne ka faisla

9مارچ تک ایم ڈی پی ٹی وی کی مستقل تقرری کا حکم۔۔۔

لاہور ہائیکورٹ میں منیجنگ ڈائریکٹر سرکاری ٹیلی ویژن کی تقرری سے متعلق کیس میں وفاقی سیکرٹری اطلاعات کے خلاف دائر توہینِ عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس عابد عزیز نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ 9 مارچ تک ایم ڈی سرکاری ٹی وی کی باقاعدہ اور مستقل بنیادوں پر تقرری عمل میں لائی جائے۔سماعت کے دوران وفاقی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ عدالت میں پیش ہوئے اور تحریری جواب جمع کرایا۔ عدالت  کے روبرو متعلقہ نوٹیفکیشن بھی پیش کیا گیا۔ سرکاری حکام کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ عدالتی احکامات کی روشنی میں پیش رفت کی جا رہی ہے۔درخواست گزار کے وکیل نذیر جواد نے عدالت سے استدعا کی کہ تقرری کے عمل کو مکمل کرنے کے لیے مزید مہلت دی جائے۔ انہوں نے مؤقف اپنایا کہ تقرری کے حوالے سے انتظامی اور قانونی تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں، جس کے لیے کچھ وقت درکار ہے۔عدالت کو بتایا گیا کہ بورڈ میں تین تین سال کی مدت کے لیے انڈیپنڈنٹ ڈائریکٹرز تعینات کر دیے گئے ہیں تاکہ ادارے کے انتظامی معاملات کو قانون کے مطابق آگے بڑھایا جا سکے۔ تاہم عدالت نے واضح کیا کہ مستقل ایم ڈی کی تعیناتی میں مزید تاخیر مناسب نہیں اور مقررہ تاریخ تک عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔جسٹس عابد عزیز نے ریمارکس دیے کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جانا چاہیے اور متعلقہ حکام ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 9 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب کر لی۔یاد رہے کہ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ عدالتی احکامات کے باوجود ایم ڈی کی مستقل تقرری عمل میں نہیں لائی گئی، جس پر وفاقی سیکرٹری اطلاعات کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کی استدعا کی گئی تھی۔ کیس آئندہ سماعت پر دوبارہ زیرِ غور آئے گا۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں