تمام پاکستانی اپنے بجلی کے بل کے ساتھ ٹی وی لائسنس فیس بھی ادا کر رہے ہیں خواہ ان کے گھر میں ٹی وی ہے یا نہیں اور خواہ وہ پی ٹی وی دیکھتے ہیں یا نہیں۔ کیا آپ کو معلوم ہے کہ اس لائسنس فیس کی مد میں پاکستانیوں سے ہر سال کتنی رقم اکٹھی کی جا رہی ہے؟ ’پرو پاکستانی‘ کے مطابق لائسنس فیس کی مد میں پی ٹی وی نے پاکستانیوں سے مالی سال 2020-21ءکے دوران 8.109ارب روپے اکٹھے کیے ہیں۔ وزارت اطلاعات و نشریات کی طرف سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق یہ رقم بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے پی ٹی وی کے ایماءپر اپنے صارفین سے اکٹھی کی۔ مذکورہ مالی سال کے دوران تقسیم کار کمپنیاں ٹی وی لائسنس فیس کی مد میں 97کروڑ 19لاکھ روپے اکٹھے کرنے میں ناکام رہی ہیں۔مالی سال 2020-21ءکے دوران پی ٹی وی نے اپنے تمام تر اندرونی و بیرونی وسائل سے 1.3ارب روپے کمائے۔ اس سال کے دوران پی ٹی وی کو مجموعی طور پر 1.2ارب روپے کا منافع ہوا۔اس مالی سال کے آخر میں پی ٹی وی کا قرض 19.41ارب روپے تھا۔واضح رہے کہ پی ٹی وی پاکستانیوں سے بجلی کے ہر بل کے ساتھ 100روپے ٹی وی لائسنس فیس وصول کر رہا ہے۔ پہلے یہ فیس 35روپے ہوتی تھی تاہم تحریک انصاف کی حکومت نے جنوری 2020ءمیں بڑھا کر 100روپے کر دی تھی۔
