میشا شفیع کی جانب سے ہراسانی کا الزام عائد کیے جانے کے بعد علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا پر نازیبا زبان استعمال کرنے والے 15 سے زائد اداکاروں کو ایف آئی اے نے نوٹس جاری کردیے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق گلوکار و اداکار علی ظفر نے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو خود کے خلاف چلنے والی مہم کے حوالے سے درخواست دی تھی۔ علی ظفر نے درخواست میں کہا تھا کہ فیس بک، انسٹاگرام، واٹس ایپ اور یو ٹیوب پر ان کی تصاویر اور کچھ وڈیو کلپ کے ساتھ ان کو ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت بدنام کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے وہ اور ان کی فیملی شدید دباؤ میں ہے۔ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے علی ظفر کی درخواست پر تحقیقات شروع کیں تو یہ انکشاف ہوا کہ اس مہم کے شرکا میں نامی گرامی اداکار اور ماڈلز شامل ہیں۔ ایف آئی اے نے تحقیقات کے بعد عفت رحیم، ماہم جاوید، فریحہ ایوب، علی گل پیر، مناہل خان، محسن سعید، حمناءرضا اور سبحہ غنی سمیت دیگر کو نوٹس جاری کر دیے۔ نوٹس جاری ہونے کے بعد عفت رحیم نے اپنا بیان ریکارڈ کرادیا ہے جبکہ باقی لوگ آئندہ ہفتے اپنے بیانات ریکارڈ کرائیں گے۔ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ لاہور کے ذرائع کا کہنا ہے یہ ثابت ہوچکا ہے کہ بعض اداکاروں اور ماڈلز نے علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا پر نہ صرف نازیبا الفاظ استعمال کیے بلکہ ویڈیو کلپس کو بھی تبدیل کرکے شیئر کیا گیا۔ ایسا کرنے والوں کے خلاف تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سائبر کرائم ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
15 فنکاروں کو ایف آئی اے نے طلب کرلیا
Facebook Comments