ہوم سیریز کے انٹرنیشنل میڈیا رائٹس تقریباً پونے 3 کروڑ روپے میں فروخت ہو گئے۔نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے 3 سالہ انٹرنیشنل میڈیا رائٹس کیلیے تقریباً21 ملین ڈالر کی غیر منطقی ریزرو پرائس مختص کی، کوئی اس کے آس پاس بھی نہ پہنچ سکا، ایک پاکستانی میڈیا گروپ اور نجی کمپنی کے کنسورشیئم نے مل کر بڈنگ میں حصہ لیا،غیرملکی کمپنیز ولو اور سپورٹس فائیو بھی اس عمل میں شریک ہوئیں۔سپورٹس فائیو نے سب سے بڑی7.8 ملین ڈالر کی بڈ دی، پاکستانی کمپنیز کی بڈتقریباً 4.1 اور ولو کی2.25 ملین رہی، ریزرو پرائس میچ نہ ہونے پر بورڈ نے شریک پارٹیز کو پرائس بڑھانے کا کہتے ہوئے بڈنگ کے دوسرے راؤنڈ کا انعقاد کیا، دوسرے مرحلے میں سپورٹس فائیونے اپنی سابقہ پیشکش 7.8 ملین میں کوئی اضافہ نہ کیا۔پاکستانی کمپنیز نے اپنی پیشکش تقریباً دگنی کرتے ہوئے 7.85 تک بڑھاتے ہوئے بڈ جیت لی مگر پی سی بی نے اس بار بھی ریزرو پرائس تک کسی کے نہ پہنچنے پر سب کی بڈز مسترد کر دیں، پھر صرف نیوزی لینڈ سے ہوم سیریز اور ویسٹ انڈیز سے ویمنز سیریز کیلیے دوبارہ ٹینڈرنگ ہوئی۔اس میں دونوں پاکستانی کمپنیز کی مشترکہ بڈ99 ہزار ڈالر (تقریباً 2 کروڑ 76 لاکھ روپے) رہی، ولو نے 75 ہزار اور سپورٹس فائیو نے 50 ہزار کی بڈ دی۔یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ٹی ٹوئنٹی میچز 18 اپریل سے 27 اپریل تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے، پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ویمنز سیریز 18 اپریل سے3 مئی تک کراچی میں ہونی ہے، اس میں 3 ون ڈے اور 5 ٹی ٹوئنٹی میچز شیڈول ہیں۔