وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ گودی میڈیا جرنلزم کے نام پر سیاہ دھبہ بن چکا ہے اور مودی حکومت کے تلوے چاٹنے میں آخری حد تک جا پہنچا ہے۔ ایک جھوٹ مودی سرکار بولتی ہے اور سو جھوٹ بھارتی میڈیا ان میں اضافہ کر کے پھیلاتا ہے۔بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جا رہا ہے، یہاں تک کہ وہ پاکستان کے شہروں پر قبضے کے جھوٹے دعوے کر رہے ہیں۔گودی میڈیا کے نزدیک تو بھارت نے پورا پاکستان فتح کرلیا ہے، جب کہ زمینی حقیقت یہ ہے کہ پاکستان کے تمام شہر محفوظ اور معمولاتِ زندگی بالکل معمول کے مطابق رواں دواں ہیں۔عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ بھارتی میڈیا کارٹون نیٹ ورک بن چکا ہے، اور دنیا بھر کا آزاد میڈیا اب مودی حکومت اور اس کے ہمنوا گودی میڈیا کا مذاق اڑا رہا ہے۔ بھارت کی پاکستان کے شہروں کے قریب آنے کی خواہش ہمیشہ ناتمام رہی ہے اور ان شاء اللہ تاقیامت ناتمام ہی رہے گی۔پنجاب کی وزیر اطلاعات نے انکشاف کیا کہ مودی خود ایک ہفتے سے کسی بل میں چھپ کر بیٹھا ہے، جبکہ بھارتی فورسز گزشتہ 3 دنوں سے پاکستانی افواج کے ہاتھوں عبرتناک شکست کھا رہی ہیں۔ پاکستان کی فضائیہ دشمن کے عزائم خاک میں ملا رہی ہے اور تاریخ رقم کر رہی ہے۔پاک فضائیہ نے5 بھارتی طیارے مار گرائے ہیں، جس کی تصدیق بین الاقوامی میڈیا بھی کر رہا ہے۔ الحمدللہ پاکستان کے تمام طیارے مکمل محفوظ ہیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بھارتی میڈیا اس شرمندگی کو چھپانے کے لیے جھوٹ پر مبنی خبریں چلا رہا ہے تاکہ عالمی سطح پر مودی حکومت کی ہزیمت کو چھپایا جا سکے۔پاکستان کی بہادر افواج اپنی سرزمین کے ایک ایک انچ کی حفاظت کرنا بخوبی جانتی ہیں۔ قوم کو اپنی مسلح افواج پر مکمل فخر ہے۔

گودی میڈیا صحافت کے نام پر دھبہ ہے، عظمی بخاری۔۔
Facebook Comments