گرفتار صحافی اسلم شاہ کی درخواست ضمانت پر سماعت کل ہوگی۔۔

کراچی پریس کلب کے سابق کونسل ممبر ،کراچی یونین آف جرنلٹس کے رکن اور سینئر صحافی و تحقیقاتی رپورٹر اسلم شاہ کے وکیل چیئرمین انٹر نیشنل لائرز فورم ناصر احمد نے جوڈیشل مجسٹریٹ ساؤتھ کی عدالت میں درخواست ضمانت دائر کر دی۔ ہفتے کو درخواست ضمانت کی سماعت ہوگی۔ اسلم شاہ کیخلاف واٹر بورڈ کے ایک افسر نے خبر دینے پر سائبر کرائم کے تحت مقدمہ درج کروایا ہے جس میں اسلم شاہ گرفتار اور عدالتی ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔دریں اثناکراچی یونین آف جرنلٹس کے صدر طاہر حسن خان، جنرل سیکرٹری سردار لیاقت کشمیری اور مجلس عاملہ کے دیگر اراکین نے کراچی کے سینئر صحافی اور ممبر کے یو جے سید محمد اسلم شاہ کی پیکا کالے قانون کے تحت گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ایک مذمتی بیان میں کراچی یونین آف جرنلٹس کا کہنا ہے کہ اسلم شاہ کو واٹر بورڈ کے افسر کی جانب سے تحریری شکایت پر این سی سی آئی اے نے کراچی میں گرفتار کیااور عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔کے یوجے اس اقدام کی سخت مذمت کرتی ہے اور اسے صحافتی آزادی اور اظہارِ رائے کے بنیادی آئینی حق کے منافی قرار دیتی ہے۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس کا مؤقف ہے کہ صحافیوں کے خلاف اس نوعیت کی گرفتاریوں اور دباؤ کی پالیسی نہ صرف صحافتی آزادی کو محدود کرنے کی کوشش ہے بلکہ یہ جمہوری معاشرے میں آزاد میڈیا کے کردار کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔ اختلافی رائے یا تنقیدی رپورٹنگ جرم نہیں۔ ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ صحافیوں کو تحفظ فراہم کریں، نہ کہ انہیں ہراساں کیا جائے۔ کے یوجے نے مطالبہ کیا ہے کہ سید محمد اسلم شاہ کی گرفتاری کی فوری اور شفاف تحقیقات کی جائیں۔انہیں فی الفور رہا کیا جائے یا کم از کم ان کے قانونی اور آئینی حقوق کو مکمل طور پر یقینی بنایا جائے۔پیکا ایکٹ سمیت ایسے تمام کالے قوانین پر نظرِ ثانی کی جائے جنہیں آزادیِ صحافت سلب کرنے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔کراچی یونین آف جرنلسٹس واضح کرتی ہے کہ ملک بھر کی صحافتی برادری اپنے ساتھیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور اظہارِ رائے کی آزادی کے لیے ہر جمہوری فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں