کے یوجے کا پیکا ایکٹ کی فوری واپسی کا مطالبہ۔۔

)کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جے) اور کراچی پریس کلب نے پیکا ایکٹ کی فوری واپسی کا مطالبہ کردیا۔ کے یوجے کے صدر اعجاز احمد نے ہر سال 3مئی کو ’’عالمی یوم آزادی صحافت‘‘ کی اہمیت  اجاگر کرتے ہوئے غزہ میں نامساعد حالات میں کام کرنے والے صحافیوں کو خراج تحسین اور آزادی اظہار رائے کی جدوجہد میں پاکستان اور غزہ سمیت پوری دنیا میں اپنی جان سے گزرجانے والے صحافیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ تمام تر نامساعد حالات کے باوجود آزادی صحافت کی جدوجہد جاری رہے گی۔جب کہ پریس کلب کے سیکریٹری سہیل افضل نے کہا کہ صحافیوں کو کبھی آئین میں دی گئی آزادی نہیں ملی اور انہوں نے ہمیشہ مشکل حالات میں خدمات سرانجام دیں۔ دونو ں راہنمائوں نے پیکا ایکٹ کی فوری واپسی کا مطالبہ بھی کیا۔ وہ ہفتے کو یہاں انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (آئی ایف جے) اور پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے تحت کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جے) کے زیر اہتمام’’ ورلڈ پریس فریڈم ڈے‘‘ کے موقع پر پریس کلب کے سامنے منعقدہ مظاہرے سے خطاب کررہے تھے، جس سے کے یو جے کی جنرل سیکریٹری لبنیٰ جرار نقوی، سجاس کے صدر محمود ریاض، اصغر عظیم، پیپ کے صدر محمد جمیل، سوشل میڈیا کے نمائندے ذوالفقار ببر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مظاہرے میں کے یو جے کے نائب صدور محمد ناصر شریف ، راہب گاہو، جوائنٹ سیکریٹری روبینہ یاسمین ، راشد قرار، سلطان چاکی سومرو، معین اللہ شاہ، غلام مصطفی عزیز، ایمانویل سیموئل، جلال قریشی اور وقاس باقر سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔مقررین  نے پیکا سمیت تمام متنازع قوانین کی واپسی کا مطالبہ کرتے ہوئےآزادی صحافت کی راہ میں قربانی دینے والے صحافیوں کو خراج تحسین و عقیدت پیش کیا۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں