کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) کے صدر نصراللہ چوہدری کی سربراہی میں وفد نے سیکریٹری اطلاعات حکومت سندھ ندیم الرحمٰن میمن سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں صحافی برادری، میڈیا اداروں اور حکومتی اشتہارات سے متعلق مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔کے یو جے کے وفد میں صدر نصراللہ چوہدری کے ہمراہ سینئر نائب صدر فاروق سمیع، نائب صدرمنصوراحمد، جوائنٹ سیکرٹری عبدالرحمن اور خازن زین علی شامل تھے۔ وفد نے سیکریٹری اطلاعات کو نجی ٹی وی چینل نیوز ون سمیت صحافتی اداروں میں کام کرنے والے ملازمین کی تنخواہوں میں تاخیر اور بعض اداروں کی جانب سے غیر یقینی صورتحال پر تشویش سے آگاہ کیا۔نصراللہ چوہدری نے کہا کہ حکومت سندھ کو چاہیے کہ وہ میڈیا اداروں کو دیے جانے والے اشتہارات کو ملازمین کی بروقت تنخواہوں کی ادائیگی سے مشروط کرے تاکہ ورکرز کے معاشی مسائل کم ہوں اور صحافت کے شعبے میں استحکام پیدا ہو۔ انہوں نے کہا کہ صحافی برادری اس وقت سخت مالی مشکلات کا شکار ہے، اس لیے حکومت کا تعاون وقت کی ضرورت ہے۔اس موقع پر سیکریٹری اطلاعات ندیم الرحمٰن میمن نے یقین دہانی کرائی کہ محکمہ اطلاعات میڈیا اداروں کے اشتہارات کو ورکز کی تنخواہوں کی ادائیگی سے مشروط کرے گا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ اشتہارات سے حاصل ہونے والے سرکاری وسائل براہِ راست صحافیوں اور میڈیا ورکرز تک پہنچیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ صحافیوں کے مسائل سے پوری طرح آگاہ ہے اور ان کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ندیم الرحمٰن میمن نے کے یو جے کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یونینز کا فعال کردار صحافتی برادری کے حقوق کے تحفظ کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات میڈیا ہاؤسز کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ ایک شفاف نظام تشکیل دیا جا سکے-ملاقات کے اختتام پر کے یو جے کے صدر نصراللہ چوہدری نے سیکریٹری اطلاعات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کے وعدوں کو جلد عملی جامہ پہنایا جائے گا اور ورکز کو ان کے جائز حقوق کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
کے یوجے دستورکے وفد کی سیکرٹری اطلاعات سندھ سے ملاقات۔۔
Facebook Comments
