press conference ki ijazat ka notification mistrad karte hein

کے پی حکومت کی جانب سے اخبارمالکان کو 8سوملین کی ادائیگی۔۔۔

 کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) نے صوبائی حکومت خیبر پختونخوا کی جانب سے اخبارات کے طویل عرصے سے واجب الادا بقایاجات کی ادائیگی کے لیے آٹھ سو ملین روپے کی منظوری کو ایک مثبت اور قابل تحسین اقدام قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل خان آفریدی اور صوبائی کابینہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔ سی پی این ای کے مطابق یہ فیصلہ نہ صرف پرنٹ میڈیا کو درپیش دیرینہ مالی مشکلات کے خاتمے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے بلکہ اس سے صوبے میں علاقائی اور مقامی اخبارات کو بھی مضبوط سہارا ملے گا۔ سی پی این ای کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں اخبارات کے واجبات کا مسئلہ گزشتہ کئی برسوں سے حل طلب تھا جس کے باعث خصوصاً علاقائی اور مقامی سطح پر شائع ہونے والے اخبارات کو شدید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ اس صورتحال کے پیش نظر کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز نے تقریباً دو سال قبل پشاور ہائی کورٹ میں ایک رٹ پٹیشن دائر کی تھی جس میں عدالت عالیہ سے استدعا کی گئی تھی کہ صوبائی حکومت کو ہدایت دی جائے کہ وہ اخبارات کے تمام بقایا بل فوری طور پر ادا کرے تاکہ صحافتی ادارے اپنے مالی معاملات بہتر طریقے سے چلا سکیں۔اس رٹ پٹیشن کی سماعت کے دوران پشاور ہائی کورٹ میں متعدد پیشیاں ہوئیں اور عدالت نے اس معاملے کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے واضح احکامات جاری کیے کہ اخبارات کے بقایاجات کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔ عدالت عالیہ نے اس معاملے میں پیش رفت نہ ہونے پر صوبائی محکمہ خزانہ اور سیکریٹری خزانہ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی بھی شروع کی جس کے بعد اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے مزید سنجیدہ اقدامات کی ضرورت محسوس کی گئی۔ سی پی این ای کے مطابق کونسل کی مسلسل کاوشوں، قانونی جدوجہد اور حکومتی سطح پر رابطوں کے نتیجے میں بالآخر صوبائی حکومت خیبر پختونخوا نے گزشتہ روز اپنی انچاسویں کابینہ کے اجلاس میں اخبارات کے بقایاجات کی ادائیگی کے لیے آٹھ سو ملین روپے کی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل خان آفریدی کی زیر صدارت ہونے والے اس اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ منظور شدہ رقم میں سے چار سو ملین روپے فوری طور پر جاری کیے جائیں گے جبکہ باقی چار سو ملین روپے آئندہ مالی سال کے دوران ادا کیے جائیں گے اور اس عمل کے ذریعے اخبارات کے پرانے بقایاجات کو مرحلہ وار مکمل طور پر ادا کیا جائے گا۔ سی پی این ای نے اس فیصلے کو صوبائی حکومت کی جانب سے صحافتی برادری کے مسائل کے حل کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔ کونسل کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف خیبر پختونخوا کے علاقائی اخبارات اور پرنٹ میڈیا کو مالی استحکام حاصل ہوگا بلکہ صحافت کے شعبے میں جاری مشکلات میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز نے اس امید کا اظہار بھی کیا ہے کہ صوبائی حکومت مستقبل میں بھی اخبارات کے واجبات کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے گی تاکہ آزاد، مضبوط اور ذمہ دار صحافت کو فروغ مل سکے اور علاقائی میڈیا ادارے اپنے پیشہ ورانہ فرائض مزید بہتر انداز میں انجام دے سکیں-

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں