سینئر اداکارہ صبا فیصل کورونا کی وبا کے دوران موت کو چھو کر واپس آئیں۔سینیئر اداکارہ صبا فیصل نے پہلی بار اپنی کورونا وائرس کی تشخیص اور اس دوران پیش آنے والی مشکلات کے حوالے سے تفصیلات شیئر کردیں۔حال ہی میں صبا فیصل نے مدیحہ نقوی کے پروگرام ’صبح کی سما‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔ایک سوال کے جواب میں صبا فیصل نے بتایا کہ جب وہ کورونا وائرس میں مبتلا ہوئیں تو ان کی آکسیجن کی سطح خطرناک حد تک کم ہوگئی تھی۔ تاہم، ان کے بیٹوں نے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور ایک لمحے کے لیے بھی انہیں تنہا نہیں چھوڑا۔انہوں نے کہا کہ میرے بیٹے میرے ساتھ کمرے میں سوتے تھے، انہوں نے مجھے کبھی اکیلا محسوس نہیں ہونے دیا۔اداکارہ کے مطابق وہ سمجھتی ہیں کہ بیٹوں کی محبت اور ساتھ ہی وہ وجہ بنی جس کی بدولت وہ دوبارہ زندگی کی طرف لوٹ سکیں۔صبا فیصل نے مزید کہا کہ انہوں نے اس دوران اپنی بیماری کے بارے میں سوشل میڈیا پر کچھ بھی شیئر نہیں کیا، کیونکہ وہ افواہوں سے بچنا چاہتی تھیں۔اُن کا کہنا تھا کہ اگر میں نے کورونا کی اطلاع سوشل میڈیا پر دی ہوتی تو لوگ مختلف قسم کی باتیں پھیلانا شروع کر دیتے، جیسے کہ خدا نخواستہ میں فوت ہوگئی ہوں۔صبا فیصل نے اس تجربے کو اپنی زندگی کا ایک اہم موڑ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت مجھے احساس ہوا کہ میں اندر سے کتنی مضبوط ہوں، یہ میری قوت ارادی ہی تھی جس نے مجھے اس مشکل وقت سے نکالا۔صبا فیصل پاکستان کی صفِ اول کی اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں، وہ ہم سفر، درّ شہوار، سلطنت، تقدیر، حبس، کھائی اور کہیں دیپ جلے جیسے کامیاب ڈراموں میں اپنی اداکاری کا مظاہرہ کرچکی ہیں۔