کراچی کی مقامی عدالت نے کورنگی پریس کلب کی زمین کو سرکاری قراردے کر اسے فوری خالی کرانے کا حکم دے دیا۔۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ایسٹ شاہد علی میمن کی عدالت میں کورنگی پریس کلب پر مبینہ قبضہ کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے پریس کلب کی زمین کو سرکاری زمین قرار دیااور زمین کو فوری طور پر خالی کروا کر محفوظ کرنے کا حکم جاری کردیا۔ عدالت نے ڈی جی کے ڈی اے کو حکم دیا کہ اس زمین کا قبضہ کسی کو نہ دیاجائے۔۔ عدالت نے ایس ایس پی آپریشن کورنگی، ایس ایچ او عوامی کالونی کو کے ڈی اےکی مددکرنے کی بھی ہدایت کردی۔۔ دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیئے کہ افسوسناک بات ہے کہ سرکاری زمین اتنا عرصہ قبضہ میں رہی، عدالت نے 9 ستمبر تک رپورٹ جمع کروانے حکم دےدیا۔کورنگی پریس کلب کی جانب سے اس کے عہدیدار محمد رستم قادری نے درخواست فائل کی تھی جس کے مطابق دوہزار سولہ میں کورنگی ضلع بنا تو پریس کلب کو رجسٹرڈ کرایا گیا، دوہزار چوبیس میں نامزد ملزمان نے ہوائی فائرنگ کرکے پریس کلب پر قبضہ کرلیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کے ڈی اے نے اپنی رپورٹ میں مدعی کی جانب سے جمع کروائی گئی دستاویزات کو جعلی قرار دیا،کے ڈی اے کے مطابق یہ زمین آج تک کسی کو الاٹ نہیں کی گئی،اس سے ثابت ہوا مدعی اور قبضہ کرنے والے دونوں کا اس زمین پر کوئی حق نہیں۔
