– کراچی پریس کلب کے ممبران کے لیے ایک بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں ہاکس بے اسکیم 42 کی لیز کے سلسلے میں 30 سال پرانا مسئلہ بالآخر حل ہو گیا ہے۔ ریونیو ڈیپارٹمنٹ نے زمین لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کو ٹرانسفر کر دی ہے اور اس حوالے سے تمام کاغذی کارروائیاں بھی مکمل ہو چکی ہیں اور لیز کے پیپرز جاری کر دئیے گئے ہیں۔کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی اور سیکریٹری محمد سہیل افضل خان نے اس موقع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم پیشرفت سے بلاک 3، بلاک 3-A، بلاک 2 اور بلاک 68 کے الاٹیز اب اپنی زمینوں کی لیز حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی سی آفس نے بھی اپنا کام مکمل کر لیا ہے، جس کے بعد اب الاٹیز کو لیز ملنے کا راستہ ہموار ہو گیا ہے۔فاضل جمیلی نے مزید کہا کہ ہاؤسنگ اسکیموں میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے متعلقہ محکموں سے پہلے ہی روابط قائم کیے جا چکے ہیں، اور امید ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ان کے لیے فنڈز بھی مختص کر دیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس پیشرفت سے پورے علاقے کی اراضی کی ویلیو میں اضافہ ہو گا، اور ایل ڈی اے کو اختیارات ملنے کے بعد زمین و جائیداد کے حوالے سے سرگرمیاں تیز ہوں گی، جن میں لیز کا عمل ایک مثبت اور خوش آئند قدم ہے-واضح رہے کہ بینک سے قرضہ لینے کے لیے لیز بنیادی شرط ہے اور اب لیز کا عمل مکمل ہونے کے بعد اس بات کے قوی امکانات پیدا ہو گئے ہیں کہ ممبران اپنے گھروں کے تعمیر کے لیے بینک سے قرضہ حاصل کر سکیں گے۔پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی اور سیکریٹری سہیل افضل خان سمیت پوری مجلس عاملہ نے اس کامیابی پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ،صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن اور وزیر بلدیات سعید غنی کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایل ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل صفدر بگھیو، ڈائریکٹر لینڈ یاور مہدی اور ایل ڈی اے کے لیگل ہیڈ عرفان علی ابڑو کا بھی شکریہ ادا کیا گیا، جن کی کوششوں سے یہ مسئلہ حل ہوا۔انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے نہ صرف ایل ڈی اے کا مالی بحران حل ہوجائے بلکہ ایل ڈی اے کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا۔