پی یوجے پنجاب یونین آف جرنلسٹس کی ایگزیکٹو کونسل نے ” آن ریکارڈ“ کے کرائم رپورٹر سید زمان شاہ کو تھا نہ گرین ٹاؤن پولیس کی جانب سے جھوٹے مقدمات میں ملوث اور ہراساں کرنے کی شدید مذمت کی ہے صدر پی یو جے میاں شاہد ندیم نے کہا کہ صحافیوں کو اپنے فرائض اور جرائم کی نشاندہی سے روکنے کیلئے پولیس کی جانب سے دھمکیوں اور جھوٹے مقدمات میں ملوث کرنے کے واقعات میں اضافہ انتہائی شرمناک اور لاہور پولیس کی نیک نامی پر کالا دھبہ ہے ۔ سی سی پی اولاہور ، ڈی آئی جی آپریشنز اور ایس پی صدر ڈویژن ” آن ریکارڈ“ کے کرائم رپورٹر کو دھمکیاں دینے کا نوٹس لیں اور اس میں ملوث ایس ایچ او گرین ٹاؤن میاں خرم شہزاد اور اے ایس آئی ساجد نذیر جیسے بدنام اور منشیات فروشوں کے حصے دار پولیس والوں کیخلاف سخت کارروائی یقینی بنائیں ، اگر صحافیوں کو دھمکانے کا عمل نہ رکا تو پنجاب یونین آف جرنلسٹس آئی جی اور سی سی پی او آفس کے سامنے شدید احتجاج کرے گی ۔ جنرل سیکرٹری قاضی طارق عزیز نے کہا کہ سید زمان شاہ کو ان کے فرائض سے روکنے کیلئے گرین ٹاؤن پولیس کی جھوٹے مقدمات میں ملوث کرنے کی دھمکیاں کسی صورت قبول نہیں ۔ سی سی پی اولاہور اور ڈی آئی جی آپریشنز ایسے اہلکاروں کو نشان عبرت بنادیں جو صحافیوں کو اپنے فرائض کی انجام دہی سے روکنے کیلئے جھوٹے مقدمات کی دھمکیاں دیتے ہیں۔ صحافی پہلے بھی کسی دھمکی میں آئے ہیں نہ آئیں گے۔
