کراچی پریس کلب میں منعقدہ کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات 2025–26 مکمل ہوئے، جس میں جرنلسٹ پینل نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے 13 میں سے 11 نشستوں پر کامیابی حاصل کی، جبکہ مدمقابل جسٹس پینل سے وابستہ صدارتی امیدوار سمیر قریشی سمیت دو 2 امیدواراں کامیاب قرار پائے۔انتخابی نتائج کے مطابق صدر کے عہدے پر سمیر قریشی، جبکہ نائب صدر کی سیٹ پر عبید اللہ شاہ قرار پائے۔ جنرل سیکرٹری کیلئے ندیم احمد منتخب قرار پائے، مونس سراج جوائنٹ سیکرٹری کے عہدے پر کامیاب ہوئے جبکہ انفارمیشن سیکرٹری کی نشست پر آصف خان نے کامیابی اپنے نام کی ۔ اسی طرح خازن کے عہدے پر اکرم قریشی منتخب ہوئے۔گورننگ باڈی کے ارکان میں ثاقب عالم، صبا عروج خان، وحید جیلانی، اظہر زیدی، اورنگزیب جبار، عدنان راجپوت اور مطلوب بیگ کامیاب قرار پائے۔انتخابات میں ممبران کی بھرپور شرکت دیکھنے میں آئی، جہاں 195 میں سے 151 ممبران نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا*، جو کہ ایسوسی ایشن پر اعتماد اور جمہوری عمل سے وابستگی کا مظہر ہے۔نو منتخب عہدیداران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کرائم رپورٹرز کے پیشہ ورانہ حقوق کے تحفظ، فیلڈ میں درپیش مسائل کے حل اور مثبت صحافتی اقدار کے فروغ کیلئے بھرپور جدوجہد کریں گے۔ انتخابات کے کامیاب انعقاد پر الیکشن کمیٹی کے کردار کو بھی سراہا گیا۔آخر میں نومنتخب قیادت کو مختلف صحافتی حلقوں کی جانب سے مبارکبادیں موصول ہونے کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا۔
