کامران شاہد سے معافی مانگنے کا مطالبہ۔۔

 پنجاب یونین آف جرنلسٹس نے دنیا نیوز کے کامران شاہد کے عید شو میں سینئر صحافی سہیل وڑائچ ، مجیب الرحمن شامی سمیت دیگر مہمانوں کے ساتھ بدتمیزی اور کامیڈی سیگمیٹ کے نام پر گھٹیا مذاق کو توہین آمیز اور سینئر کی تذلیل قرار دیا ہے اور اس کا تمام تر ذمہ دار کامران شو کے میزبان کامران شاہد اور پروگرام پروڈیوسر اور بدتمیزی کرنے والی اداکارہ فضا علی کو قرار دیا ۔اور اس بدتمیزی کے تمام ذمہ داران سے فوری معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے ۔پی یو جے کے صدر نعیم حنیف ،جنرل سیکرٹری  قمرالزمان بھٹی ،سینئر نائب صدر یوسف رضا عباسی ، نائب صدر ندیم زعیم ، جوائنٹ سیکرٹری مدثر حسین تتلہ ، شیر علی خالطی ، خزانچی  نسیم قریشی اور ایگزیکٹو کونسل نے اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ دنیا بھر میں ٹی وی پر کامیڈی شو ہوتے ہیں لیکن کسی بھی پروگرام میں اس طرح مہمانوں کو بلا کر بے عزت نہیں کیا جاتا جس طرح کامران شاہد کے عید شو میں سینئر صحافی سہیل وڑائچ ۔ مجیب الرحمن شامی ، ارشاد بھٹی اور دیگر کے ساتھ سلوک کیا گیا ۔ پی یوجے کے صدر نعیم حنیف نے کہا کہ ایسے پروگراموں میں عمومی طور پر مہمانوں کو بلا کر انہیں عزت دی جاتی ہے لیکن یہاں اس شو میں ایک کامیڈی سیگمیٹ کے نام پر ایک شوبز سے وابستہ خاتون کے ہاتھوں مہمانوں کی بے عزتی کی گئی ۔ جس طرح اداکارہ مزے لے کر اپنے گٹھیا القابات کی وجہ بیان کر رہی تھیں اس سے صاف نظر آتا تھا کہ پروگرام کا یہ سیگمیٹ کسی سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ڈائزین کیا گیا تھا ۔نعیم حنیف نے اس بدتمیزی پر  دنیا نیوز کی انتظامیہ ، شو کے پروڈیوسر اور اینکر کامران شاہد سمیت اداکارہ و اینکر فضا سے معافی مانگنے اور شرمندگی کا اظہار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ پی یوجے کے جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی نے کہا کہ اگر دنیا نیوز کی انتظامیہ اور پروگرام پروڈیوسر سمیت کامران شاہد اور فضا علی نے معافی نہ مانگی تو پی یوجے دنیا نیوز کے باہر بھرپور احتجاجی مظاہرہ کرے گی ۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں