تحریر: حامد میر۔۔
سعید مہدی نے ایک بیوروکریٹ کے طور پر جو کچھ دیکھا وہ لکھ دیا۔ کارگل کی جنگ کے بارے میں انہوں نے جو لکھا وہ نیا نہیں۔ جنوری 1999ء میں جنرل پرویز مشرف نے مجھ سمیت چار صحافیوں کو اپنے اس منصوبے کے بارے میں بتایا تھا لیکن ہم اسے آف دی ریکارڈ سمجھ کر خاموش رہے ہمیں نہیں پتہ تھا وزیراعظم اس پورے آپریشن سے لاعلم تھے۔ سعید مہدی نے کتاب کے آخر میں ایک ایسے واقعے کا ذکر کر دیا ہے جو پاکستان کی تاریخ پر کسی احسان سے کم نہیں ۔ اس واقعے کا تعلق کراچی کے موہاٹا پیلس کی ملکیت سے ہے۔ سعید مہدی نے قیام پاکستان کے بعد کراچی کے پہلے ڈی سی سید ہاشم رضا کے حوالے سے لکھا ہے کہ 14 اگست 1948 ء کو پاکستان کے پہلے یوم آزادی پر گورنر جنرل ہاؤس میں ایک تقریب تھی۔ یہاں سیٹھ شیورتن موہاٹا بھی مدعو تھے- تقریب ختم ہونے پر وہ قائد اعظم کے پاس آئے اور درخواست کی کہ انہیں موہاٹا پیلس واپس کیا جائے کیونکہ انہیں رہائش کیلئے اسکی ضرورت ہے۔ قائداعظم نے اُن سے پوچھا کہ موہاٹا پیلس آپ سے کس نے لیا ؟ سیٹھ صاحب نے بتایا کہ ڈی سی کراچی نے اُن سے یہ گھر لیکر وہاں وزارت خارجہ کے دفاتر قائم کر دیئے ہیں ۔ قائد اعظم نے سیٹھ صاحب کو جواب دیا کہ میں براہ راست ڈی سی کے کام میں مداخلت نہیں کر سکتا لیکن آپ ڈی سی کے باس کمشنر کراچی کے نام ایک اپیل بھجوائیں۔ بعد میں قائد اعظم نے ڈی سی کو تجویز کیا کہ حکومت کو چاہئے کہ سیٹھ شیورتن موہاٹا سے اُن کا گھر خرید لے تا کہ گھر کا مالک کچھ رقم حاصل کر کے اپنے لئے متبادل رہائش کا بندو بست کر سکے۔ سید ہاشم رضا نے قائد اعظم کو بتایا کہ اس گھر کی قیمت بہت زیادہ ہے اور حکومت کے پاس یہ قیمت ادا کرنے کیلئے فنڈز موجود نہیں۔ قائداعظم نے ڈی سی سے کہا حکومت موہاٹا پیلس کو خریدنے کی تیاری کرے کیونکہ وہ اس عمارت کی قیمت اپنی جیب سے ادا کرینگے۔ قائداعظم نے موہاٹا پیلس کی قیمت اپنی جیب سے ادا کی ۔ کیا آج کا کوئی وی وی آئی پی پاکستان کیلئے اپنی جیب سے کوئی جائیداد خریدے گا؟ جنرل ایوب خان کے دور میں دارالحکومت کراچی اسلام آباد منتقل ہو گیا ۔ بعد میں محترمہ فاطمہ جناح کو بمبئی میں اُنکی جائیداد کے عوض موہاٹا پیلس کراچی الاٹ کیا گیا۔ یہیں پر اُنکی پراسرار موت واقع ہوئی ۔ سعید مہدی نے لکھا ہے کہ محترمہ فاطمہ جناح کی موت کی تحقیقات کیلئے ایک کمیٹی بنائی گئی جس کے سامنے کمشنر کراچی سید دربار علی شاہ نے بیان دیا کہ جب وہ مادر ملت کی موت کی خبر سن کر موہاٹا پیلس پہنچے تو اُنکی گردن پر تشدد کے نشانات تھے اور اُنکا سرخون میں ڈوبا تھا ۔ پولیس نے انہیں بتایا کہ وہ باتھ روم میں پھسل گئی تھیں جسکی وجہ سے اُنہیں زخم آئے ۔ پولیس نے اپنی نگرانی میں اُنکی جلدی جلدی تدفین کردی تھی۔ سعید مہدی نے سوال اُٹھایا ہے کہ محترمہ فاطمہ جناح کی موت کی انکوائری رپورٹ ہم کہاں سے تلاش کریں ؟ سعید مہدی افسوس کیساتھ لکھتے ہیں کہ جنرل ایوب خان کی طرف سے محترمہ فاطمہ جناح کو غدار قرار دینا پاکستان کی تاریخ کا سب سے مایوس کن واقعہ تھا۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ ہمارا حکمران طبقہ اختلاف رائے کرنے والوں کے خلاف کہاں تک جا سکتا ہے۔ مادر ملت کا قصور صرف یہ تھا کہ انہوں نے جنرل ایوب خان کیخلاف صدارتی الیکشن میں حصہ لیاجس پر انہیں انڈین ایجنٹ قرار دیا گیا ۔ سعید مہدی لکھتے ہیں کہ قائد اعظم خوش قسمت تھے کہ پاکستان بننے کے بعد صرف ایک سال تک زندہ رہے اگر وہ مزید زندہ رہتے تو کیا پتہ وہ بھی کسی بہت برے انجام سے دو چار ہو جاتے ۔ سعید مہدی کی کتاب چیخ و پکار نہیں کرتی بلکہ آپکے کانوں میں ہلکی پھلکی سر گوشیاں کرتی ہے کہ پاکستان کو اصل خطرہ باہر کے دشمنوں سے نہیں بلکہ ان وی وی آئی پی لوگوں سے ہے جو اقتدار کے نشے میں مخمور ہو کر آئین توڑنے اور کارگل آپریشن جیسے فیصلے کرتے ہیں ۔ کوئی اختلاف کرے تو اسے غدار قرار دیدیتے ہیں۔ اللّٰہ تعالیٰ پاکستان کو وی وی آئی پی لوگوں کی حماقتوں سے محفوظ رکھے۔(بشکریہ جنگ)ٰ۔۔
