ڈیجیٹل صحافت کے سب سے بڑے پلیٹ فارم ڈیجیٹل میڈیا الائنس آف بلوچستان کا اہم اجلاس کوئٹہ میں صدر مرتضیٰ زہری کی صدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں جنرل سیکرٹری عصمت سمالانی، سینئر نائب صدر عبدالوکیل، فائنانس سیکرٹری سمیع خان سمیت دیگر اراکین نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران تنظیم کو مزید مضبوط بنانے، ممبران کو درپیش مسائل اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کو چاہیئے کہ وہ بلوچستان میں ڈیجیٹل میڈیا کی فلاح و بہبود کے لیے عملی منصوبے شروع کرے اور ان تمام اداروں کو تسلیم کرے جو بہترین انداز میں ڈیجیٹل صحافت کر رہے ہیں۔مزید برآں، اجلاس میں یہ بھی کہا گیا کہ حکومت کو چاہیئے کہ وہ نئے آنے والے ڈیجیٹل صحافیوں کو سہولیات فراہم کرے اور ان کے حقوق کو یقینی بنائے تاکہ صحافت کا معیار مزید بہتر ہو سکے۔اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان، سیکرٹری اطلاعات اور ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی پی آر) سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ فوری طور پر ڈیجیٹل میڈیا کو اشتہارات کی فراہمی کے لیے واضح اور شفاف پالیسی مرتب کریں تاکہ ڈیجیٹل صحافیوں کو درپیش مالی مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔اجلاس کے آخر میں عزم کیا گیا کہ ڈیجیٹل میڈیا الائنس آف بلوچستان صوبے میں صحافت کے فروغ، شفافیت اور عوامی مسائل کے اجاگر کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔
