کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی ،سیکرٹری سہیل افضل خان اور مجلس عاملہ نے ایک مذہبی جماعت کی جانب سے ڈان ٹی وی کے اینکرز کو دی جانے والی دھمکیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اینکرز اور میڈیا کے کارکنوں کو فوری طور پر تحفظ فراہم کیا جائے، کیونکہ یہ ان کی آئینی ذمہ داری ہے۔اپنے جاری بیان میں کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے کہا کہ اینکرز کو مذکورہ جماعت کے کارکنوں اور حامیوں کی جانب سے دھمکیاں ملنا قابل تشویش ہے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی پریس کلب صحافیوں کو دھمکانے اور اظہار رائے کی آزادی کو محدود کرنے کی کسی بھی کوشش کی سختی سے مخالفت کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم سندھ اور وفاقی حکومتوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ اینکرز اور میڈیا کے کارکنوں کو فوری طور پر تحفظ فراہم کریں، کیونکہ یہ ان کی آئینی ذمہ داری ہے۔انہوں نے مذہبی اورسیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ ملک میں آزادی صحافت اور اظہار رائے کا احترام کریں اور اسے برقرار رکھیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ صحافیوں کے تحفظ اور کام کرنے کے محفوظ ماحول کو یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔ ہم ڈان ٹی وی کے ساتھ کھڑے ہیں ۔