جنگ گروپ کے ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ ایچ آر ڈاکٹر ضیاء الدین احمد ضیا بدھ کی صبح مختصر علالت کے باعث کراچی میں انتقال کرگئے۔ مرحوم کی نماز جنازہ مسجد بیت السلام اور تدفین گذری قبرستان میں ہوئی۔ مرحوم کا سوئم جمعہ کو بعد نماز عصر اور مغرب مسجد عثمان غنی نزد میکڈونلڈ سی ویو پر جبکہ خواتین کیلئے گھر پر قرآن خوانی کا انتظام ہوگا۔ 68 سالہ ڈاکٹر ضیاء الدین گزشتہ ماہ کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد کراچی کے مقامی اسپتال میں زیرعلاج تھے اور چند روز قبل ان کی طبیعت میں بہتری آنا شروع ہوگئی تھی مگر گزشتہ رات اچانک ان جسم کے مختلف اعضاء نے کام کرنا بند کردیا اور بدھ کی صبح وہ رضائے الہی سے انتقال کرگئے۔ ڈاکٹر ضیاء کی ڈائریکٹر ایچ آر اینڈ ایڈمن کی حیثیت سے جنگ گروپ سے طویل وابستگی رہی۔وہ 2001-02ء سے جنگ گروپ سے وابستہ تھے۔ ان کی نماز جنازہ میں قریبی عزیز و اقارب، مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے نمائندوں، جنگ گروپ کے ارکان سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ دریں اثناء آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے صدر حمید ہارون اور سیکرٹری جنرل سرمد علی نے عہدیداران اور ایگزیکٹو کمیٹی کی جانب سے روزنامہ جنگ گروپ کے ڈائیریکٹر ایچ آر اور ایڈمن ڈاکٹر ضیاء الدین احمد ضیاء کے انتقال پر ملال پرتعزیت کا اظہار کیا ہے۔ اے پی این ایس کے عہدیداران نے مرحوم کی مغفرت کے لیے دعا کی ہے کہ اللہ تعالی انہیں جوار رحمت میںجگہ عطا فرمائے اور انکے رفقاء ، ساتھی اور سوگوار خاندان کو اس سانحہ پر صبرجمیل عطا فرمائے۔اے پی این ایس کے اراکین ان کے اہل خانہ کے اس دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ علاوہ ازیں مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے کراچی، رالپنڈی اور لاہور کے جنگ اور دی نیوز کے دفاتر میں قران خوانی ہوئی جس میں جنگ اور دی نیوز کے ورکرز یونین کے عہدیداروں اور ارکان نے شرکت کی۔ تعزیتی اجلاسوں میں ڈاکٹر ضیاء کی مغفرت اور ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی۔
