کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جے) نے بھارت میں پاکستانی چینلز، اینکرز، یو ٹیوب چینلز اور پیجز وغیرہ پر پابندیاں لگائے جانے کی سخت مذمت کی ہے۔ کے یو جے کے صدر اعجاز احمد، جنرل سیکریٹری لبنیٰ جرار نقوی، نائب صدور محمد ناصر شریف، راہب گاہو، خازن یاسر محمود، جوائنٹ سیکریٹریز طلحہٰ ہاشمی، روبینہ یاسمین اور مجلس عاملہ کے اراکین نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ جیونیوز، جیوسپر، ڈان نیوز، سماء، اے آر وائی، بول نیوز، سنونیوز، کیپیٹل ٹی وی، اے بی این اور دیگر چینلز پر بھارتی پابندیاں شرمناک عمل ہے، پاکستانی نیوز چینلز، یوٹیوب پلیٹ فارمز اور سوشل میڈیا پیجز کو بلاک کرنے کا فیصلہ بھارتی حکومت کا کھلا فاشزم ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے حکومت پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا ،جس نے آزاد ذرائع سے شائع اور نشر کی جارہیں خبروں اور حالات حاضرہ کے پروگرامز پر پابندی لگائی نہ بھارت کے اس منفی اقدام کا جواب کسی منفی سوچ کے تحت دیا۔