پی ٹی وی میں جہاں ایک طرف لاکھوں کی تنخواہوں پر نئے ملازمین کو رکھا جا رہا ہے اور دوسری طرف پہلے سے موجود ملازمین کو تین ماہ سے سیلری نہیں ملی۔لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری، سینئر نائب صدر افضال طالب، نائب صدر صائمہ نواز ، جنرل سیکرٹری زاہد عابد، جوائنٹ سیکرٹری عمران شیخ، فنانس سیکرٹری سالک نواز اور اراکین گورنگ باڈی نے قومی نشریاتی ادارے پی ٹی وی میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پی ٹی وی کے تمام ملازمین تین ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں، وفاقی وزارت اطلاعات کی یہ بے حسی انتہائی قابل افسوس ہے۔ گورننگ باڈی مطالبہ کرتی ہے کہ پاکستان ٹیلی ویژن کے ملازمین کی تنخواہوں کی فوری ادائیگی یقینی بنائی جائے ،سرکاری ادارے کی یہ روش سراسر مالیاتی بد انتظامی ہے جس کی ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے کہا ہے کہ پی ٹی وی ملازمین اپنی جمع شدہ پونجی سے اور قرض لے کر گھر یلو ضروریات پوری کر رہے ہیں جو انتہائی قابل تشویش ہے وفاقی وزیر اطلاعات عطا الله تارڑ کو ہنگامی بنیادوں پر تنخواہوں کا اجراء کرانا چاہیئے۔ اگر فوری تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی جاتی تو آئندہ ہفتے پی ٹی وی کے باہر بھر پور احتجاج کیا جائے گا۔ جنرل سیکرٹری زاہد عابد نے کہا کہ پی ٹی وی صرف نشریاتی ادارہ نہیں ملکی تاریخ کا اہم حصہ ہے۔ اس ادارے کے ملازمین کے ساتھ یہ رویہ وزارت اطلاعات کی ناکامی ہے اور اس کے ذمہ داران کا تعین کر کے سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اطلاعات ایک جمہوری شخص ہونے کا دعوی کرتے ہیں اور ان کے دور میں ایسی بے حسی قابل افسوس ہے امید کرتے ہیں کہ ملازمین سے تنخواہوں میں تاخیر پر معذرت کرتے ہوئے جلد ادائیگی کی جائے گی۔
