پی ایف یو جے کے مونومنٹ کو شاندار طریقے سےتعمیر کروائیں گے ،میئر کراچی

پی ایف یو جے کی پلاٹینیم جوبلی کے موقع پر کراچی یونین آف جرنلسٹس نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا تاریخی خالق دینا ھال میں جہاں 1950 میں پی ایف یو جے کی بنیاد رکھی گئی تھی اسی تاریخی عمارت کے احاطہ میں پی ایف یو جے کی یادگار کی مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب صدیقی نے 4 ستمبر 2025 کو بنیاد رکھ دی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اظہار رائے کی آزادی میں صحافیوں اور ان کی تنظیموں کا اہم کردار رہا ہے،خالق دینا ہال میں پی ایف یو جے کی پلاٹینم جوبلی کی یادگار قائم کی جائے گی تاکہ آنے والی نسلوں کو تحریک پاکستان کے رہنماؤں کے ساتھ ساتھ صحافی برادری کی جمہوریت اورآزادی اظہار کے لئے دی جانے والی قربانیوں اور خدمات سے روشناس کرایا جاسکے، اس موقع پرکراچی یونین آف جرنلٹس کے صدر طاہر حسن خان، جنرل سیکریٹری سردار لیاقت کشمیری، سینئر صحافی حبیب خان غوری، مظہر عباس، ایوب جان سرہندی، امتیاز احمد فاران، نواب قریشی، نعمت اللہ بخاری، وارث رضا،محمد ناصر،آفتاب ملک، ماجد خان،علی عمران جونیئر، لیاقت مغل، اختر شیخ،ابوالحسن،اشرف بھٹیعامر سید، شاہ فصیح ،احد فاروقی ،محمد علی،محمودالحسن شکیل احمد سردار رامیز شبیر مئیو لبنیٰ ذیشان نوشابہ صدیقی،صائمہ اویس سمیت صحافیوں کی ایک بڑی تعداد کے علاوہ سول سوسائٹی اور مزدور تنظیموں کی چیدہ چیدہ شخصیات نے بھی شرکت کی جن میں لیاقت ساہی، بشیر سدوزئی شامل تھے۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ نے کہا کہ ایک سیاسی کارکن ہوں لیکن صحافتی گھرانے سے تعلق ہونے کی بنیاد پر میرا صحافی برادری سے گہرا رشتہ ہے، اس یادگار کو میں ذاتی اخراجات سے تعمیر کراؤں گا اور اگر اخراجات زیادہ ہوئے تو کے ایم سی کے فنڈز سے تعمیرکریں گے، انہوں نے کہا کہ جمہوریت، اظہار رائے کی آزادی کے لئے صحافیوں کا بڑا کردار ہے،آنے والی نسلوں کے لئے ہمیں ایک بہترین کراچی چھوڑ کر جا نا ہے،صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے،مایوسی اور ناامیدی چھوڑ کر قلم کے ذریعے جدوجہد جاری رکھنی ہے،صحافی برادری کا معاشرے کی اصلاح میں اہم کردار ہے،پی ایف یو جے کی پلاٹینیئم جوبلی کے مونومنٹ کو شاندار طریقے سے تعمیر کروائیں گے،اخبارات، چینلز اور سوشل میڈیا ابلاغ عامہ کے لئے انتہائی اہم کردار ادا کرتے ہیں،میئر کراچی نے کہا کہ صحافی برادری کو جو مسائل درپیش ہیں کے ایم سی ترجیحی بنیادوں پر انھیں حل کرے گی، انہوں نے کہاکہ صحافیوں اور بلدیاتی قیادت کا چولی دامن کا ساتھ ہے، اخبارات اور چینلز کے ذریعے شہر کے مسائل ہم تک پہنچتے ہیں جنہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، انہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان ہو یا تعمیر پاکستان صحافی برادری نے ہمیشہ اپنا مثبت کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے، میئر کراچی نے کہا کہ میرا تعلق صحافی گھرانے سے ہے میری کوشش ہوتی ہے کہ صحافی برداری سے اپنا یہ تعلق برقرار رکھوں، انہوں نے کہا کہ میرے والدوہاب صدیقی پوری زندگی صحافت کرتے رہے اور میری والدہ جب کے ایم سی کی کونسل کی ممبر بنی تو انہوں نے بھی میڈیا کمیٹی کا ہی انتخاب کیا اور خدمات انجام دیں، پی ایف یو جے کے صدر طاہر حسن نے میئر کراچی کو تقریب میں خوش آمدید کہا اور پلاٹینم جوبلی کی تقریب میں بھرپور تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا، اس موقع پر میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کو پی ایف یو جے کی جانب سے یادگاری شیلڈاور سووینئر بھی پیش کیاگیا۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں