کراچی (پ ر) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کی پلاٹینم جوبلی تقریبات کے حوالے سے کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جے) کے زیر اہتمام ایک پروقار تقریب کا انعقاد کراچی پریس کلب میں ہوا۔ تقریب کے مہمانان خصوصی پی ایف یوجے کے سابق سینئیر راہنما اور مرحوم سینئیر صحافیوں کے اہل خانہ تھے، جنہیں ان کی صحافتی خدمات پر یادگاری شیلڈز و تعریفی اسناد پیش کی گیئں۔ جب کہ بعض ماہرین تعلیم کو بھی تعریفی اسناد دی گئیں۔ اس موقع پر سینئیر صحافی حبیب خان غوری نے پلاٹینم جوبلی کی تقریب پر کے یو جے کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پی ایف یو جے کے راہنماؤں کی صحافت اور جمہوریت کے لیے خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا، آج ملک میں چھوٹی موٹی جو بھی جمہوریت باقی ہے وہ پی ایف یو جے اور کراچی پریس کلب کی مرہون منت ہے، ملک میں آزادی صحافت کے لیے ہمارے ساتھیوں مرحوم منہاج برنا، نثار عثمانی، احفاظ الرحمٰن، عبدالحمید چھاپرا اور دیگر راہنماؤں کا انتہائی اہم کردار رہا ہے۔ سینئر صحافی بچل لغاری کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق اور جمہوریت کے لیے صحافیوں نے لازوال قربانیاں دی ہیں، آج بھی کالے قوانین کے خلاف پی ایف یو جے کی جدوجہد جاری ہے، ڈاکٹر عبدالجبار خٹک نے کہا کہ جمہوریت کی بقاء میں صحافیوں کی جدوجہد کا اہم کردار رہا ہے، پی ایف یوجے کی خازن شہر بانو نے پی ایف یو جے کی تاریخ سے آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے سینئرز کی قربانیاں نہیں بھولے، آج بھی ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے آزادی صحافت کے لیے کوشاں ہیں ۔ میزبان کے یو جے کے صدر اعجاز احمد نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ پلاٹینم جوبلی میں سینئرز کو دئیے جانے والے ایوارڈ ان کی خدمات کا صلہ نہیں ہوسکتے، ہمارے سینئرز تو ستاروں کی مانند ہیں، یہ ایوارڈز ان کی خدمات کا ایک ادنیٰ سا اعتراف ہیں، ہمارے وہ سینئرز جو دنیا سے چلے گئے، وہ ہمارے دلوں میں بستے ہیں۔ پی ایف یو جے کے سابق صدر جی ایم جمالی نے تقریب کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ پی ایف یوجے اپنے سینئرز کو ہمیشہ یاد رکھتی ہے کیوں کہ ان کی خدمات اور قربانیوں نے ہی آزادی صحافت کو زندہ رکھا ہے۔ کے یو جے کی جنرل سیکریٹری لبنیٰ جرار نقوی نے سینئر صحافیوں کو خراج تحسین و خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات ہمارے لیے مشعل راہ ہیں، ہماری تنظیم نے خواتین صحافیوں کو بہت عزت دی اور انھیں بھی تنظیم میں کام کرنے اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے۔ سینئر صحافی، کے یوجے کے سابق صدر حسن عباس نے پلاٹینم جوبلی کے انعقاد پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم اپنے تمام سینئرز کو یاد کر رہے ہیں، ان کی خدمات اور قربانیوں نے ہی ہمیں جدوجہد کا راستہ دکھایا۔ انھوں نے مرحوم سینئر صحافیوں کے اہل خانہ کی تقریب میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں سینئر صحافیوں نے مرحوم صحافیوں احفاظ الرحمٰن، عبدالحمید چھاپرا، طاہر نجمی، زبیدہ مصطفیٰ، شبر اعظمی، نادر شاہ عادل، صدیق بلوچ، لطیف بلوچ، معین الحق اور عبدالقدوس کے اہل خانہ کو یادگاری شیلڈز پیش کیں۔ جب کہ تقریب میں حبیب خان غوری، سید صفدر علی، بچل لغاری، خواجہ رضی حیدر، شمیم اختر، رفیق احمد (فیکا)، ڈاکٹر عبدالجبار خٹک، حمیرا اطہر، مقبول خان،شہناز احد، اکرام مہدی، علی حسن، مجید عباسی، اکبر بلوچ، یوسف شاہین، امین یوسف اور جی ایم جمالی کو بھی ان کی خدمات پر ایوارڈز سے نوازا گیا۔ نیز بیرون ملک مقیم، اپنی علالت یا دیگر وجوہ کی بناء پر تقریب میں شریک نہ ہوسکنے والے بعض سینئر صحافیوں کے ایوارڈز ان تک پہچانے کے لیے کے یو جے کی متعلقہ کمیٹی کو دے دیے گئے جو جلد ہی انہیں پہنچا دیئے جائیں گے۔ دریں اثناء تقریب میں شریک ماہرین تعلیم پروفیسر ڈاکٹر توصیف احمد، پروفیسر ڈاکٹر عصمت آ راء، پروفیسر, پروفیسر وجیح رضا رضوی، ڈاکٹر یاسمین سلطانہ فاروقی, اور دیگر کو تعریفی اسناد پیش کی گئیں۔ تقریب میں کے یو جے کے زیر اہتمام شائع کی گئی سینئر صحافی مقبول خان کی لکھی کتاب “صحافت اور صحافی” کی رونمائی بھی کی گئی۔ شہر بانو اور شریں جامی نے خوب صورت انداز میں تقریب کی نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ جب پی ایف یو جے کی نائب صدر غزالہ فصیح، اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل شمائلہ نواز،شاہدغزالی پی ایف یو جے اور کے یو جے کے عہدے داروں محمد ناصر شریف، راہب گاہو، یاسر محمود، طلحہٰ ہاشمی، روبینہ یاسمین، راشد قرار، عائشہ خان، وقاص باقر، راشد لطیف، منصور صغیر، جیوتی مہیشوری، ثمین نوا، ایمانویل سیموئل، اقبال سواتی اور دیگر نے معاونت کی۔ قبل ازیں تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے بعد قومی ترانے کی دھن بجا کر کیا گیا۔
