پاکستان کے سینئر صحافی، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) ورکرز کے مرکزی سینیئر نائب صدر عبدالرزاق چشتی نے کہا ہے کہ ملک میں شعبۂ صحافت اس وقت اپنی تاریخ کے بدترین بحران سے گزر رہا ہے، جہاں محنت، دیانت اور امانت پر یقین رکھنے والے ہزاروں صحافی اور میڈیا ورکرز شدید مالی مشکلات، بیروزگاری اور سنگین صحت کے مسائل کا شکار ہو چکے ہیں۔صحافی برادری سے اپنے ایک پیغام میں عبدالرزاق چشتی نے بتایا کہ گزشتہ تین سے چار برسوں کے دوران ایک محتاط اندازے کے مطابق بڑی تعداد میں صحافی نہ صرف معاشی بدحالی کا شکار ہوئے بلکہ بزرگ صحافی مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو کر علاج سے بھی محروم رہے۔ انہوں نے کہا کہ پیشہ ورانہ وقار اور خودداری کے باعث اکثر متاثرہ صحافی کسی کے سامنے ہاتھ پھیلانے سے گریز کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں ان کی مشکلات منظرِ عام پر نہیں آ پاتیں۔
قیادت اور تنظیموں کی خاموشی پر افسوس
عبدالرزاق چشتی نے اس صورتحال کو صحافتی برادری کی مشترکہ ذمہ داری قرار دیتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا کہ اس سنگین بحران کے باوجود کمیونٹی لیڈرز، صاحبِ ثروت افراد اور صحافتی تنظیموں کی جانب سے اب تک کوئی مؤثر اور منظم اقدام سامنے نہیں آ سکا۔
پی ایف یو جے ورکرز کے پلیٹ فارم سے عملی قدم
انہوں نے مرحوم پرویز شوکت (بانی پی ایف یو جے ورکرز)، صدر شاہد علی اور سیکرٹری جنرل ملک توصیف کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے اعلان کیا کہ پی ایف یو جے ورکرز ذاتی صاحبِ حیثیت دوستوں اور مخیر حضرات کے تعاون سے ایک فلاحی پروگرام کا خاکہ تیار کر رہی ہے، جس کا مقصد مستحق صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی باعزت دلجوئی اور مدد ہے، خصوصاً رمضان المبارک سے قبل۔
پہلے مرحلے میں مصدقہ ڈیٹا جمع کرنے کا فیصلہ
اس فلاحی اقدام کے پہلے مرحلے میں راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، حیدرآباد، کراچی، کوئٹہ، پشاور، ایبٹ آباد اور نواحی علاقوں سے مستحق صحافیوں کا مصدقہ ڈیٹا جمع کیا جائے گا۔ اس ڈیٹا میں اُن صحافیوں کی تفصیلات بھی شامل ہوں گی جو حالیہ برسوں میں مختلف واقعات میں شہید ہوئے یا مالی دباؤ اور مشکلات کے باعث انتقال کر گئے، جبکہ ان کے اہلِ خانہ کے رابطہ نمبرز بھی ریکارڈ کا حصہ ہوں گے۔
ضروری معلومات فراہم کرنے کی اپیل
عبدالرزاق چشتی نے صحافی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ مستحق ساتھیوں کی نشاندہی میں تعاون کریں اور درج ذیل معلومات فراہم کریں:
نام، بیروزگاری کا دورانیہ، بیماری کی نوعیت اور مدت (اگر کوئی ہے)، ازدواجی حیثیت، جنس، فون نمبر، اور اکاونٹ کی تفصیلات (بینک، جاز کیش یا ایزی پیسہ)۔
انہوں نے کہا کہ یہ تمام معلومات براہِ راست ان کے وٹس ایپ نمبر 0302-8110435 پر ارسال کی جائیں، تاکہ رمضان کی آمد سے قبل فلاحی پروگرام کے اگلے مرحلے پر عملی کام شروع کیا جا سکے۔
باعزت مدد اور رازداری کی یقین دہانی
عبدالرزاق چشتی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس عمل میں مستحق صحافیوں کی عزتِ نفس اور رازداری کا مکمل خیال رکھا جائے گا اور یہ اقدام محض ہمدردی نہیں بلکہ عملی یکجہتی کی مثال ہوگا۔
