پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی بڑی بیٹھک آج سے شروع ہورہی ہے جس میں اہم فیصلوں کا امکان ہے۔ پی ایف یوجے کی فیڈرل ایگزیکٹو کونسل کا سہ روزہ اجلاس آج سے ایبٹ آباد پریس کلب میں شروع ہو گا جس میں ملک بھر سے صحافتی تنظیموں کے سو سے زائد مندوبین شرکت کریں گے اجلاس کے انتظامات کو حتمی شکل دیکر انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں ۔ اس سلسلہ میں ایبٹ آباد یونین آف جرنلسٹس کی جنرل باڈی کا اجلاس ایبٹ آباد پریس کلب میں زیر صدارت ثاقب خان منعقد ہوا جس میں پی ایف یو جے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل محمد شاہد چوہدری، ممبر ایگزیکٹو کونسل عامر شہزاد جدون ،صدر پریس کلب ایبٹ آباد راجہ محمد ہارون ،سابق صدور سردار نوید عالم، سردار شفیق افتخار ڈوڈی ،نوید اکرم عباسی ،سید اعجاز شاہ ،طارق تنولی، عادل عباسی، اقبال ساغر سمیت ارکان اے یو جے نے شرکت کی اور اجلاس کو یادگار بنانے کے لئے تجاویز دیں ۔