کراچی پریس کلب کے سیکرٹری اسلم خان کی سربراہی میں وفد نے لانڈھی جیل میں قید صحافی اسلم شاہ سے ملاقات کی وفد میں کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے خازن زین علی اور جوائنٹ سیکرٹری عبدالرحمن شامل تھے -ملاقات میں ان کے کیس اور ضمانت کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر سیکرٹری پریس کلب اسلم خان نے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی-دریں اثناء کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکرٹری اسلم خان اور مجلس عاملہ نے اسلم شاہ کی این سی سی آئی اے کی جانب سے واٹر کارپوریشن کی شکایت پر پیکا ایکٹ کے تحت گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسلم شاہ کی گرفتاری آزادی صحافت پر کھلا حملہ اور اظہارِ رائے کو دبانے کی ایک مذموم کوشش ہے۔ پیکا ایکٹ جیسے متنازع قانون کو صحافیوں کے خلاف استعمال کرنا نہ صرف جمہوری اقدار کے منافی ہے بلکہ یہ عمل ریاستی اداروں کی ساکھ کو بھی متاثر کرتا ہے۔صحافیوں کو ان کے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی پر ہراساں کرنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ اگر اس طرح صحافیوں کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جاتا رہا تو صحافی برادری بھرپور احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے۔انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیاکہ پیکا ایکٹ کے غلط استعمال کو فوری روکا جائے اور صحافیوں کو آئینی و قانونی تحفظ فراہم کیا جائے اور اسلم شاہ کو فوری اور بلا مشروط رہا کیا جائے اور ان کے خلاف درج کیا گیا مقدمہ واپس لیا جائے۔ پریس کلب کے عہدیداروں نے واضح کیا کہ کراچی پریس کلب آزادی صحافت پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کرے گا۔۔
