ڈان ڈاٹ کام سے تعلق رکھنے والی صحافی انوشے انجینئر نے انٹرنیشنل اسپورٹ پریس ایسوسی ایشن (اے آئی پی ایس) کے 2024 اسپورٹ میڈیا ایوارڈز میں ’ینگ رپورٹرز رائٹنگ‘ کیٹیگری میں ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔ یہ ایوارڈ دنیا کے بہترین اسپورٹس صحافیوں کو دیا جاتا ہے اور انوشے یہ ایوارڈ جیتنے والی پہلی پاکستانی صحافی ہیں۔منگل کو جاری کیے گئے ایک پریس ریلیز کے مطابق ایوارڈ کی تقریب مراکش کے دارالحکومت رباط میں منعقد ہوئی۔انوشے انجینئر کو ان کی رپورٹ ’پیرس میں ارشد ندیم کے لیے سب کچھ داؤ پر لگا ہے‘ پر اس کیٹیگری کے 3 فائنلسٹس میں سے فاتح قرار دیا گیا، ان کے ساتھ فرانس کے لوئس بُولے اور برطانیہ کی اِسی رونالڈ بھی اس دوڑ میں شامل تھیں۔اس کیٹیگری کے لیے مجموعی طور پر دی گئی درخواستوں میں سے پہلے 37 کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا، جن میں سے فائنلسٹس کا انتخاب ہوا۔اس ایوارڈ کے ساتھ ایک اے آئی پی ایس اسکالرشپ بھی دی گئی ہے، جو کسی اہم کھیلوں کے ایونٹ میں شرکت کا موقع فراہم کرتی ہے۔یاد رہے کہ پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو کے مقابلوں میں پاکستان کے ارشد ندیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے اولمپک کی تاریخ کی سب سے بڑی 92.97 میٹر کی تھرو کرتے ہوئے پاکستان کو 40 سال بعد اولمپک میں گولڈ میڈل جتوایا تھا۔انوشے انجینئر کی رپورٹ میں ارشد ندیم کے کیریئر میں پیش آنے والی مشکلات اور جدوجہد کو اجاگر کیا گیا، جو اس تاریخی لمحے تک ان کی کامیابی کا سبب بنیں۔اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے انوشے کا کہنا تھا کہ 2023 میں جب انہوں نے یہ اسٹوری کرنے کا فیصلہ کیا تو انہیں اندازہ نہیں تھا کہ وہ کیا کرنے جارہی ہیں، میں نے بس کسی طرح یہ اسٹوری مکمل کی۔

پاکستان کی خاتون رپورٹر کے لئے عالمی اعزاز۔۔
Facebook Comments