ملک کے خبر رساں اداروں کی نمائندہ تنظیم پاکستان نیوز ایجنسیز کونسل کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں تنظیم کی نئی قیادت کا اتفاقِ رائے سے انتخاب عمل میں آیا۔ آئندہ دو سال کے لیے صبح نیوز کے چیف ایڈیٹر شکیل احمد ترابی کو کونسل کا صدر” جبکہ نیوز نیٹ ورک انٹرنیشنل کے چیف ایڈیٹر عمار یاسر کو سیکرٹری جنرل منتخب کیا گیا۔دیگر عہدیداران میں آن لائن نیوز ایجنسی کے ایڈیٹر صدیق ساجد “سینئر نائب صدر” انڈیپینڈنٹ نیوز ایجنسی کے ایڈیٹر آفتاب چوہدری “نائب صدر” ڈپولومیٹک نیوز ایجنسی کے چیف ایڈیٹر عنصر محمود بھٹی “فنانس سیکرٹری” اور پاکستان پریس انٹرنیشنل کے عدنان افتخار “ڈپٹی سیکرٹری” شامل ہیں۔اجلاس میں خبر رساں اداروں کو درپیش چیلنجز اور مالی مشکلات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔شرکاء نے اتفاق کیا کہ ان مسائل کے حل کے لیے حکومت، خصوصاً وزارتِ اطلاعات و نشریات سے روابط مزید تیز کیے جائیں گے۔ کونسل نے اعلان کیا کہ ایک نمائندہ وفد جلد وزیرِ اطلاعات اور دیگر متعلقہ حکام سے ملاقات کرے گا تاکہ نیوز ایجنسیوں کے مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا جا سکے۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے اور خبر رساں ادارے ذرائع ابلاغ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ شرکاء نے کہا کہ نیوز ایجنسیوں کا استحکام عام صحافیوں کے روزگار اور صحافتی آزادی کے لیے ناگزیر ہے، لہٰذا حکومت کو چاہیے کہ اخبارات اور ٹی وی چینلز کی طرح خبر رساں اداروں کی فلاح و بہبود کے لیے بھی عملی اقدامات کرے۔
