ٹک ٹاک نے رواں سال کی دوسری سہ ماہی کیلئے کمیونٹی گائیڈلائنز انفورسمنٹ رپورٹ جاری کر دی ہے جو صارفین کے لیے ایک محفوظ ڈیجیٹل ماحول کی فراہمی کے لیےٹک ٹاک کے مسلسل عزم کو ظاہر کرتی ہے۔ اپریل سے جون 2025 کے درمیانی عرصے کے اعداد و شمار پرمشتمل یہ رپورٹ اُن فعال اقدامات کی تفصیل فراہم کرتی ہے جو ٹک ٹاک نے اپنی کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے والے کانٹینٹ کی نشاندہی اور اسے حذف کرنے کے لیے اختیار کیے تاکہ اپنی عالمی کمیونٹی کے لیے ایک مثبت تجربہ یقینی بناسکے۔سَنہ 2025 کی دوسری سہ ماہی کے دوران ٹک ٹاک نے پاکستان میں مجموعی طور پر 25,448,992 ویڈیوز کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی پر حذف کیں۔ اس طرح، پاکستان میں فعال انداز میں کانٹینٹ ہٹانے کی شرح 99.7 فی صد رہی جبکہ حذف شدہ ویڈیوز میں سے 96.2 فیصد ویڈیوز اپلوڈ کیے جانے کے 24 گھنٹوں کے اندر ہٹا دی گئیں۔اس سہ ماہی کے دوران،عالمی سطح پر، ٹک ٹاک نے مجموعی طور پر 189ملین ویڈیوز حذف کیں، جو پلیٹ فارم پر اپ لوڈ کیے گئے کل کانٹینٹ کا تقریباً 0.7فیصد بنتی ہیں۔حذف کی گئی ویڈیوز میں سے163,962,241 ویڈیوزخودکار ٹیکنالوجیز کی نشاندہی پرحذف کی گئیں جبکہ7,457,309 ویڈیوز مزید جائزے کے بعد دوبارہ بحال کر دی گئیں۔ فعال انداز میں کانٹینٹ کوحذف کرنے کی شرح 99.1 فیصد رہی، اور اور اُن میں 94.4 فیصد نشان زدہ کانٹینٹ کو پوسٹ کیے جانے کے 24 گھنٹوں کے اندر حذف کر دیا گیا۔ ٹک ٹاک کی ساکھ کو برقرار رکھنے کے لیے، اس سہ ماہی میں، پلیٹ فارم نے76,991,660 جعلی اکاؤنٹس حذف کیے اور مزید 25,904,708ایسے اکاؤنٹس بھی حذف کیےگئے جن کے بارے میں شبہ تھا کہ وہ 13 سال سے کم عمر صارفین کے تھے۔اس رپورٹ سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ عالمی سطح پر حذف کی گئیں ویڈیوز کا ایک بڑا حصہ -یعنی 30.6 فی صد-ایسے حساس یا بالغ کانٹینٹ پر مشتمل تھا جو ٹک ٹاک کی پالیسیوں کے مطابق نہیں تھا۔ اس کے علاوہ 14.0 فی صد ویڈیوز نے پلیٹ فارم کے حفاظتی اور شائستگی کے معیار کی خلاف ورزی کی، جبکہ 6.1 فی صد ویڈیوز رازداری اور سیکیورٹی سے متعلق ہدایات کے برخلاف تھیں۔
