ڈراموں اور فلموں کے سپر اسٹار ہمایوں سعید کا کہنا ہے کہ مجھے کیریئر کے آغاز میں فلموں کا موقع نہیں ملا، انڈسٹری کے خراب حالات کی وجہ سے ڈراموں پر توجہ دینی پڑی،اس وقت توہمارے پاس سنیما ہی نہیں ہیں۔ بڑی تعداد میں فلمی شائقین کو ڈیفنس جانا پڑتا ہے۔جب تک ٹکٹس سستے نہیں ہوں گے،فلم اندسٹری کے حالات بہتر نہیں ہوں گے۔ میں فیملی کے ساتھ فلم دیکھنے جاتا ہُوں تو 10/ 15 ہزار روپے خرچ ہوجاتے ہیں۔ وہ گزشتہ روزکراچی پریس کلب میں پاکستان فلم اینڈ ٹی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر لیجنڈری اداکار مصطفیٰ قریشی، اداکارہ ہما میر، پریس کلب کے صدر اور معروف شاعر فاضل جمیلی،پاکستان فلم ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین اطہر جاوید صُوفی، عبدالوسیع قریشی ، اختر علی اختر اور گلوکار تنویرآفریدی بھی موجود تھے۔ فلم ’’لوو گرو‘‘ کی شاندار ویک اینڈ کلیکشنز پر بات کرتے ہوئے فلم کے مرکزی اداکار ہمایوں سعید نے عوام کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ان کی فلم کو بڑی کامیابی بنایا۔ کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہمایوں سعید کا مزید کہنا تھا کہ اگر سنیما زیادہ ہوں، تو ٹکٹ کی قیمتیں کم کی جا سکتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ’’لوو گرو‘‘ کی ٹکٹ کی قیمت کم کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ فلم کے بزنس پہلو پر زور دیتے ہیں، کیونکہ اس کا مطلب ہے کہ زیادہ لوگ فلم دیکھنے آئے۔ اگر جگہ جگہ سنیما ہوں تو یہ تعداد کئی گنا بڑھ سکتی ہے۔ وہ دن دُور نہیں، جب سینما گھروں کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔ حکومت اس حوالے سے کوشش کر رہی ہے۔ کچھ ٹیکسز میں چھوٹ دی گئی ہے۔ سندھ حکومت کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔اداکار اور پروڈیوسر ہمایوں سعید نے پاکستان فلم ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن اور پریس کل کے ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی دعاؤں کی وجہ سے انہیں کامیابی ملی۔ میں پچھلے چار دن سے گھر سے نہیں نکلا تھا۔ آج باہر نکلا ہوں اور دل سے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے ’’لوو گرو‘‘ کو اتنی دلچسپی سے دیکھا اور انٹرٹینمنٹ حاصل کی۔ یقین کریں، مجھے خود ٹکٹ نہیں مل رہے۔ سینئر اداکار مصطفیٰ قریشی نے ان کی تعریف کی اور کہا کہ فلم انڈسٹری کی بحالی کے حوالے سے ہمایوں سعید اُمید کی کرن بن کر سامنے آئے ہیں۔انہوں نے علمِ اعداد کے ذریعے بتایا کہ وہ خوش نصیب انسان ہیں۔ انہوں نے فلم انڈسٹری اور اس کے کاروبار کو بہتر بنانے پر بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مصطفے قریشی نے سندھ حکومت اپنا مطالبہ دوہرایا کہ فلمی صنعت کی ترقی کے لئے سندھ فلم ڈیولپمنٹ کاپوریشن کا قیام نا گزیر ہے۔ پریس کلب کی جانب سے ہمایوں سعید کو خصوصی شیلڈ اور اجرک کا تحفہ پیش کیا۔
