معروف ویڈیو سٹریمنگ ایپلی کیشن ’بیگو لائیو‘ کے ذریعے منی لانڈرنگ کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق ایف آئی اے کی طرف سے اس سکینڈل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمات درج کروا دیئے گئے ہیں۔ایف آئی اے کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ بیگو لائیو کو اب لوگ منی لانڈرنگ کے لیے استعمال کرنے لگے ہیں۔ گزشتہ دنوں ان عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک مرکزی ملزم سمیت 7ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ ملزمان کے خلاف درج ایف آئی آر کے مطابق ملزمان کی چار کمپنیوں اور 23بیگو لائیو اکاﺅنٹس کا سراغ لگایا گیا ہے۔ایف آئی اے کے مطابق ملزمان ان کمپنیوں اور اکاﺅنٹس کے ذریعے کروڑوں روپے کی منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں۔ وفاقی تحقیقاتی ادارہ اس سکینڈل میں بیگو لائیو کی انتظامیہ کے ملوث ہونے کے حوالے سے بھی تحقیقات کررہا ہے۔ ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ ملزمان ورچوئل بیگو ڈائمنڈز کی خریدوفروخت کے ذریعے منی لانڈرنگ کر رہے تھے۔ اس کے علاوہ وہ حوالہ اور ہنڈی میں بھی ملوث ہیں اور اب تک کروڑوں روپے کی منی لانڈرنگ کر چکے ہیں۔