وطن پر بات آجائے تو فن کی بھی سرحد ہوتی ہے، نبیل ظفر۔۔

 اداکار اور پروڈیوسر نبیل ظفر کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ ڈرامہ بلبلے کے مشہور اداکار نبیل ظفر نے ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے خطے میں بڑھتے ہوئے جنگی ماحول پر تشویش کا اظہار کیا اور بھارت کے جنگی رویے پر شدید تنقید کی۔انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے دفاع سے بخوبی واقف ہے اور اگر صورتحال خراب ہوئی تو ہر پاکستانی سپاہی بن کر وطن کیلئے لڑے گا۔نبیل ظفر نے کہا کہ جنگ انسانیت کے لیے تباہ کن ہوتی ہے، اور اگر ایسا کوئی قدم اٹھایا گیا تو اس کے اثرات سرحد کے دونوں جانب معصوم شہریوں پر پڑیں گے۔ انہوں نے خطے میں امن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یورپ نے کئی صدیوں کی لڑائیوں کے بعد یہ سبق سیکھا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں، بھارت کو بھی یہ بات سمجھنی چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت میں ہر انتخاب سے قبل داخلی حملے مشکوک ہو جاتے ہیں، اور بھارتی عوام کو ان واقعات پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے آخر انتخابات سے قبل ہی کیوں ایسے واقعات رونما ہوتے ہیں۔نبیل ظفر نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ پاکستان نے پہلگام حملے پر غیر جانبدار تحقیقات کی پیشکش کی تھی، جو شفافیت کا مظہر ہے، لیکن بھارت نے اس پیشکش کو نظر انداز کیا۔اداکار نے پاکستانی فنکاروں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بہت سے لوگ کہتے ہیں کہ آرٹ کی کوئی سرحد نہیں ہوتی لیکن اگر بات آپ کے وطن پر آجائے تو ہوتی ہے، جب تک بھارت ہماری چیزیں نہیں چلائے تب تک ہمیں بھی ان کی چیزیں نہیں چلانی چاہیے، جب تک دونوں ملکوں کے درمیان شرائط و ضوابط طے نہیں ہوجاتے ہمارے لوگوں کو بھارت جا کر کام نہیں کرنا چاہیے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں