آج نیوز کی انتظامیہ کی جانب سے ملازمین، بالخصوص کرائم رپورٹرز کو کئی ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن کراچی نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔۔کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ موجودہ مہنگائی کے دور میں صحافیوں کو بروقت تنخواہوں سے محروم رکھنا نہ صرف غیر انسانی عمل ہے بلکہ یہ صحافتی اقدار اور بنیادی مزدور حقوق کی صریح خلاف ورزی بھی ہے۔ بارہا یاد دہانیوں اور زبانی یقین دہانیوں کے باوجود آج نیوز کی انتظامیہ کی جانب سے اب تک کوئی سنجیدہ اور عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ایسوسی ایشن آج نیوز کی انتظامیہ کو سختی سے متنبہ کرتی ہے کہ اگر فوری طور پر واجب الادا تنخواہوں کی ادائیگی یقینی نہ بنائی گئی تو کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن کراچی اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کے تحت چینل کے ہیڈ آفس کے گھیراؤ سمیت احتجاجی اقدامات پر مجبور ہوگی، جس کی تمام تر ذمہ داری آج نیوز کی انتظامیہ پر عائد ہوگی۔کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن واضح کرتی ہے کہ وہ صحافی برادری کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر آئینی اور جمہوری راستہ اختیار کرے گی اور کسی بھی صورت میں صحافیوں کا استحصال برداشت نہیں کیا جائے گا۔آخر میں ایسوسی ایشن مطالبہ کرتی ہے کہ آج نیوز کی انتظامیہ فوری طور پر تنخواہوں کی ادائیگی کا واضح اور تحریری شیڈول جاری کرے۔
