نیوزون میں اگست اور ستمبر کی تنخواہ اب تک نہیں ملی، پی یوجے۔۔

 پنجاب یونین آف جرنلسٹس نے نیوز ون لاہور آفس میں گزشتہ تین ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نیوز ون کی انتظامیہ سے فوری تنخواہوں کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے ۔ پی یوجے کے صدر نعیم حنیف ،جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی ، سینئر نائب صدر یوسف رضا عباسی ، نائب صدر ندیم زعیم ، جوائنٹ سیکرٹری مدثر حسین تتلہ ، شیر علی خالطی ، خزانچی نسیم قریشی اور ایگزیکٹو کونسل نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس وقت میڈیا اداروں میں میڈیا ورکرز انتہائی بدترین حالات کا شکار ہیں ،ایک طرف آزادی صحافت اور آزادی اظہار کا ایشو سر چڑھ کر بول رہا ہے ۔ پیکا جیسے کالے قوانین اور پابندیوں کا انہیں سامنا ہے اور دوسری طرف میڈیا مالکان اربوں روپے کے اشتہارات لے کر اپنے ورکرز کو ہر ماہ بروقت تنخواہ کی ادائیگی بھی ممکن نہیں بنا رہے ۔ پی یوجے کے صدر نعیم حنیف نے کہا کہ نیوز ون میں جولائی کی تنخواہ گزشتہ ماہ ستمبر میں دی گئی جبکہ یہاں ابھی تک اگست اور ستمبر کی تنخواہ نہیں مل سکی اور اکتوبر کا ماہ بھی آخری ہفتے میں داخل ہو چکا ہے۔ انہوں نے نیوز ون کے مالک اور انتظامیہ سے کہا کہ وہ اپنے میڈیا ورکرز کو بروقت تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنائیں۔ پی یوجے کے جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی نے کہا کہ یہ افسوس کا مقام ہے کہ میڈیا انڈسٹری میں قدم رکھنے والے نئے  مالکان اپنے باقی کاروباری معاملات بھرپور انداز میں چلاتے ہیں مگر وہ صحافی اور میڈیا ورکرز جنہیں یہ اپنے کاروباری ترقی کے لئے استعمال کرتے ہیں انہیں ہی تنخواہوں اور سالانہ ترقیوں سے محروم رکھتے ہیں۔ قمرالزمان بھٹی نے واضح کیا کہ اگر نیوز ون میں تنخواہوں کی ادائیگی نہ کی گئی تو نیوز ون کی انتظامیہ کے خلاف بھرپور احتجاج اس کے دفتر کے باہر کیا جائے گا۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں