لاہور میں والڈ سٹی اتھارٹی کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب میں متنازع گانا “نک دا کوکا” گائے جانے کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ والڈ سٹی اتھارٹی نے نااہلی اور غفلت کے الزام میں اپنے تین اہلکاروں کو معطل کر دیا۔معطل کیے جانے والے اہلکاروں میں احسن، عماد اور عبد الرحمان شامل ہیں۔ اتھارٹی کا مؤقف ہے کہ مذکورہ تقریب میں گانے کی اجازت اور نگرانی کے حوالے سے متعلقہ افسران نے اپنی ذمہ داریاں درست طریقے سے ادا نہیں کیں جس پر محکمانہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔دوسری جانب پولیس کی جانب سے تاحال قوال فراز خان اور اس کے ساتھیوں کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔ ذرائع کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کے امکانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ قبل ازیں سرکاری سرپرستی میں میوزیکل نائٹ شو کے دوران اڈیالہ جیل کے قیدی 804 سے منسوب گانا گانے پر گلوکار فراز خان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔والڈ سٹی اتھارٹی کے زیر اہتمام شالیمار باغ میں میوزک اینڈ کلچرل نائٹ کا اہتمام کیا گیا جس میں قوال فراز خان و ہمنواؤں نے قوالی پیش کی۔پروگرام کے دوران اڈیالہ جیل کے قیدی 804 سے منسوب گانا گانے پر قوال فراز خان کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی۔مقدمہ انچارج شالامار باغ ضمیر کی مدعیت میں تھانہ شالیمار میں درج کیا گیا جس میں تعزیرات پاکستان کی مختلف دفعات شامل ہیں۔قوال فراز خان نے مؤقف اپنایا کہ انہوں نے فرمائش پر گانا گایا لیکن اسکے باوجود ان کے خلاف مقدمہ درج کردیا گیا۔قوال فراز امجد خان کے مطابق تقریب میں موجود ایک بندے نے دھمکی دیکر ان سے یہ گانا “نہ دا کوکا” گوایا۔ فراز امجد کے مطابق وہ ن لیگی ہیں اور ن لیگ کو ہی ووٹ دیتے ہیں۔
