نکتہ ڈیجیٹل میڈیا سے ورکرزکی برطرفیاں منظور نہیں، پی ایف یوجے دستور۔۔

 پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (دستور) اور کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) نے نکتہ ڈیجیٹل میڈیا سے 37 ورکرز کی برطرفی کو غیر قانونی، غیر انسانی اور ظالمانہ اقدام قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔پی ایف یو جے (دستور) کے صدر حاجی نواز رضا، سیکریٹری اے ایچ خانزادہ، کے یو جے (دستور) کے صدر نصراللہ چوہدری، سیکریٹری ریحان خان چشتی اور مجلسِ عاملہ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ درجنوں صحافتی ورکرز کو بغیر کسی پیشگی اطلاع اور قانونی تقاضوں کی تکمیل کے برطرف کرنا نہ صرف لیبر قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ صحافتی آزادی اور کارکنوں کے معاشی حقوق پر حملہ ہے۔رہنماؤں نے کہا کہ میڈیا انڈسٹری پہلے ہی مالی مشکلات سے دوچار ہے، ایسے اقدامات سے نہ صرف درجنوں خاندان متاثر ہو رہے ہیں بلکہ صحافت کے شعبے میں عدم استحکام اور خوف و بے یقینی کی فضا پیدا کی جا رہی ہے۔بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ نکتہ ڈیجیٹل انتظامیہ فوری طور پر برطرف کیے گئے تمام 37 ورکرز کو بحال کرے اور ان کے واجبات فوری ادا کیے جائیں۔ رہنماؤں نے واضح کیا کہ اگر ملازمین کو بحال نہ کیا گیا تو پی ایف یو جے (دستور) اور کے یو جے (دستور) دیگر صحافتی تنظیموں سے مشاورت کے بعد احتجاجی تحریک شروع کرنے پر مجبور ہوں گی۔عہدیداران نے حکومتِ سندھ، وزارتِ اطلاعات اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ اس واقعے کا فوری نوٹس لیں اور برطرف ورکرز کو انصاف فراہم کریں۔پی ایف یو جے کے سیکریٹری اے ایچ خانزادہ کا کہنا تھا کہ جی ٹی وی سے بھی کچھ ورکرز کو نکالا گیا ہے ادارہ انکی تنخواہوں کی فوری ادائیگی یقینی بنائے علاوہ ازیں کئی اداروں میں تنخواہوں کی ادائیگی میں مسلسل تاخیر ہو رہی ہے،انھیں انتباہ کرتا ہوں کہ یہ سلسلہ بند کر کے تنخواہ کی وقت پر ادائیگی یقینی بنانی چاہئیے ورنہ ہم اپنا آئینی و قانونی حق استعمال کرنا بخوبی جانتے ہیں ۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں