کراچی پریس کلب نے روزنامہ ڈان سے وابستہ سینئر صحافی اکبر نوتیزئی کو ان کی ایک تحقیقاتی رپورٹ پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے آزادی صحافت، آزادی اظہار رائے اور آئین پاکستان کے آرٹیکل 19 کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے -کراچی پریس کلب سے جاری مذمتی بیان میں پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکرٹری سہیل افضل خان اور مجلس عاملہ نے کہاکہ سینئر صحافی اکبر نوتیزئی کو جاری کردہ نوٹس ریاستی طاقت کے ناجائز استعمال کی بدترین مثال ،سراسر ذاتی انتقام اور ذہنی اذیت پہنچانے کی کوشش ہے۔ یہ اظہار آزاد ی رائے پر حملہ ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا ۔ملک میں اب خبر دینے کو بھی جرم بنادیا گیا ہے ۔کراچی پریس کے عہدیداروں نے مطالبہ کیا کہ روزنامہ ڈان سے وابستہ سینئر صحافی اکبر نوتیزئی کو بھیجا گیا نوٹس فوری طور پر واپس لیا جائے اور صحافیوں کو آزادانہ پیشہ ورانہ امور کی ادائیگی کی مکمل ضمانت دی جائے اور ایسے آمرانہ ہتھکنڈے فی الفور بند کیے جائیں ۔
