sahafat ki azadi keliye azaadai convention munaqid karne kaa aelan

ملک میں جمہوریت کا فروغ صحافیوں کے بغیرممکن نہیں ،کراچی پریس کلب۔۔

کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی ،سیکرٹری سہیل افضل خان اور مجلس عاملہ نے کہا ہے کہ صحافی برادری کی فکری و قلمی آزادی زندہ قوموں کا شعار ہے ،ملک میں جمہوریت کا فروغ صحافیوں کے بغیرممکن نہیں ہے ۔شہدائے صحافت کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے لہو سے حریت فکر کی شمع کو فروزاں رکھاہے ۔آزادی اظہار رائے کے تحفظ کے لیے پیکا ایکٹ کو فوری طور پر واپس لیا جائے ۔عالمی یوم صحافت پر کراچی پریس کلب سے جاری اپنے پیغام میں کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے قلم کی حرمت کیلئے لازوال قربانیاں دینے والے صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ آزادیِ اظہار مہذب جمہوری معاشرے کی اساس اور انسان کا بنیادی حق ہے ۔حق اور سچ کی آواز کو بلند کرنے کیلئے صحافی برادری کا کردار قابل تحسین ہے ۔ صحافت کے بغیر جمہوریت نامکمل ہے۔ آزادانہ پریس معاشروں میں جمہوری رویوں کو فروغ دینے کے لئے لازمی ہے ،صحافیوں کی قربانیوں کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا،سوال پوچھنے پر میڈیا کی تضحیک نہ کی جائے، اقتدار سے سوال کرنا ہی آزادی صحافت کی نشانی ہے جب بھی آزادی صحافت کیخلاف بات ہوگی کراچی پریس کلب اس کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ صحافت کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، اپنی اہمیت اور افادیت کی وجہ سے عصرِ حاضر میں میڈیا کو ریاست کا چوتھا ستون مانا جاتا ہے۔ آزادی صحافت کیلئے صحافتی برادری نے لازوال قربانیاں پیش کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی صحافت کاعالمی دن کے منانے کا مقصد آزادیِ صحافت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ایسے اقدامات اٹھانا ہے جس سے آزادیِ صحافت کی راہ میں پیش آنے والی رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگیوں میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے صحافیوں کی قربانیوں کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے کہا کہ عالمی پریس فریڈم انڈیکس میں پاکستان کا 152سے 158 درجے پر آنا انتہائی تشویشناک ہے ۔ آزادی صحافت پر لگنے والی قدغنیں تنزلی کی اہم وجہ ہیں صحافیوں کے جا ن و مال کے تحفظ کے لیے حکومتی سطح پر اقدامات کیے جائیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ صحافیوں کو پیشہ وارانہ امور کی انجام دہی کے دوران کسی مشکل کا سامنا نہ ہو ۔کراچی پریس کلب کے صدر اور سیکرٹری نے کہا کہ ملک کی سیاسی جماعتوں کے لیے ایک اچھا موقع ہے کہ وہ صحافت کو پروان چڑھانے کے لیے صحافیوں کا ساتھ دیں اور پیکا ایکٹ کو فوری طور پر واپس لیا جائے ۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں