مطیع اللہ جان کے خلاف منشیات کیس، ضمنی چالان جمع کرانے کا حکم۔۔

 سینیئر صحافی مطیع اللہ جان کے خلاف منشیات اور اسلحہ برآمدگی کے مقدمے کی سماعت انسدادِ دہشت گردی عدالت میں ہوئی، جہاں جج طاہر عباس سپرا نے کیس کی سماعت کی۔سماعت کے موقع پر مطیع اللہ جان اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ دورانِ سماعت پراسیکوشن کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی کہ کیس میں سپلیمنٹری چالان جمع کرانے کے لیے مزید مہلت دی جائے، کیونکہ تفتیش کے بعض پہلوؤں کو مکمل کرنا باقی ہے۔پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ اضافی شواہد اور متعلقہ دستاویزات کو ریکارڈ کا حصہ بنانے کے لیے وقت درکار ہے، جس کے بعد ہی حتمی چالان مکمل کیا جا سکے گا۔ دفاعی وکیل نے اس موقع پر مؤقف اپنایا کہ ملزم کے خلاف مقدمہ بے بنیاد ہے اور چالان میں تاخیر سے ملزم کو قانونی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد پراسیکوشن کو ہدایت کی کہ سپلیمنٹری چالان 5 مارچ تک ہر صورت جمع کرایا جائے۔ عدالت نے مزید سماعت مقررہ تاریخ تک ملتوی کر دی۔یاد رہے کہ مطیع اللہ جان کے خلاف درج مقدمہ میں منشیات اور اسلحہ برآمدگی سے متعلق دفعات شامل ہیں، تاہم ملزم کی جانب سے الزامات کی تردید کی گئی ہے۔ کیس کی آئندہ سماعت پر عدالت میں چالان جمع ہونے کے بعد مزید کارروائی متوقع ہے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں