مطالبات نہ مانے تو جنگ انتظامیہ پر زمین تنگ کردینگے، پی یوجے۔۔

پنجاب یونین آف جر نلسٹ کے صدر فرخ شہباز وڑائچ نے جنگ انتظامیہ کی طرف سے روز نامہ آواز کی بیک جنبش قلم بندش کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آواز کی بندش صحافیوں کا معاشی استحصال ہے۔ صدر پنجاب یونین آف جرنلسٹ نے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روزنامہ جنگ لاہور، ملتان اور راولپنڈی سے بھی بغیر نوٹس کارکنان کو ملازمت سے فارغ کر دیا گیا جو کہ خلاف قانون ہے۔ صدر پی ایف یو جے نے کہا کہ ہم وزارت اطلاعات و نشریات ، سی پی این ای اے۔ پی۔ این۔ ایس ، ڈی جی پی آر پنجاب سے پر امن درخواست کرتے ہیں کہ وہ فی الفور نوٹس لے اور روز نامہ آواز کی اشاعت کو جاری اور روزنامہ جنگ کے متاثرہ کارکنان کو بحال کیا جائے۔ فرخ شہباز وڑائچ نے کہا کہ میر شکیل الرحمن اور جنگ انتظامیہ ہوش کے ناخن لے۔ یہ کارکنان سالہا سال سے آپ کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔ مہینوں کی تنخواہوں سے محروم رکھا جاتارہا اور اب شاہی حکم کے زریعے پہلے جنگ سے ملاز میں کو فارغ کیا گیا اور پھر ایک بہت بڑے اخبارکی اشاعت کو مستقل بند کر دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں مجبور نہ کیا جائے کہ ہم سڑکوں پر آکر آپ کی حقیقت بیان کریں۔ فی الفور صحافیوں کو بحال کیا جائے، آواز کی اشاعت جاری کی جائے بصورت دیگر ملک گیر سطح پر احتجاج کیا جائے گا۔فرخ شہباز وڑائچ نے پی یو جے کی باڈی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پی یو جے اور دیگر تنظیموں سے ملکر مشترکہ لائحہ عمل تیار کر رہے ہیں۔ اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو جنگ انتظامیہ پر زمین تنگ کر دیں گے۔ فرخ شہباز وڑائچ نے پی یو جے باڈی کی تائید سے مذمتی قرار داد منظور کرتے ہوئے کہا کہ حکومت وقت سے اپیل کرتے ہیں کہ جنگ انتظامیہ کے ادارہ جاتی اور ذاتی بینک اکاؤنٹ منجمد کر کے کارکنان کے بقایا جات کی ادائیگی کی جائے اور ایک انتظامی کمیٹی تشکیل دی جائے جو معاملات کے حل ہونے تک روز نامہ آواز کی اشاعت جاری رکھے ۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں