پنجاب یونین آف جرنلسٹس نے لاہور پریس کلب کے لائف ممبر حافظ ظہیر اقبال اعوان مرحوم کی ڈسکہ میں سابق ایم ایل اے مقبول احمد گجر کے ساتھ مشترکہ زرعی زمین کے تنازع کے حل کے لئے ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اور محکمہ ریونیو کو عیر جانبدرانہ کردار ادا کرتے ہوئے معاملہ کے فوری حل کا مطالبہ کیا ہے اور کہا کہ اس معاملہ پر حافظ ظہیر اقبال اعوان مرحوم کے والد حاجی نذیر احمد اعوان کی درخواست پر فوری کارروائی کی جائے اور انہیں زرعی زمین پر کاشتکاری روکنے کی کوشش کا نوٹس لیا جائے جس کے حصے میں جو زمین بنتی ہے اس کا قبضہ اس کے حوالے کیا جائے ۔ پی یوجے کے صدر نعیم حنیف ، جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی ، سینئر نائب صدر یوسف رضا عباسی ، نائب صدر ندیم زعیم ، جوائنٹ سیکرٹری مدثر حسین تتلہ ، شیر علی خالطی ، خزانچی نسیم قریشی اور ایگزیکٹو کونسل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حافظ ظہیر اقبال اعوان مرحوم ہمارے سینئر صحافی اور لائف ممبر تھے ۔ان کی گراں قدر صحافتی خدمات ہیں اور انہوں نے ہمیشہ صاف ستھری صحافت کی ہے ۔ پی یوجے کے صدر نعیم حنیف نے کہا کہ اب جبکہ حافظ ظہیر اعوان اس دنیا میں نہیں رہے تو ان کے پیچھے ان کی فیملی کو زمین کے ایک چھوٹے سے معاملہ پر پریشان کرنا افسوس ناک اور قابل مذمت ہے ۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ سے مطالبہ کیا کہ وہ خود اس کیس کو سنیں اور حافظ ظہیر اقبال اعوان کے والد حاجی نذیر احمد اعوان کی درخواست پر کارروائی کریں ۔ پی یوجے کے جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی نے کہا اس کیس میں جب ایک فریق حاجی نذیر احمد اعوان خود کہہ رہے ہیں ا س کیس کا فیصلہ محکمہ ریونیو قانون کے مطابق کر دے تو پھر محکمہ کو اس معاملہ کو لٹکانے کی بجائے اس پر فوری ایکشن لینا چاہیے ۔ انہوں نے سیالکوٹ کی مقامی سیاسی قیادت خصوصا چودھری غلام عباس اور عثمان ڈار سے بھی معاملہ کو خوش اسلوبی سے حل کرنے پر زور دیا ۔
