اداکار حمزہ علی عباسی نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ انہوں نے کبھی بھی مذہب اسلام کی خاطر شوبز چھوڑنے کا اعلان نہیں کیا تھا، ان کی بات کو غلط سمجھا گیا، انہوں نے مذہب کو سمجھنے کے لیے اداکاری سے وقفہ لیا تھا۔حمزہ علی عباسی نے حال ہی میں منصور علی خان کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے ماضی میں شوبز سے کنارہ کشی پر بھی بات کی۔انہوں نے بتایا کہ انہوں نے 2019 میں 17 منٹ کی ایک ویڈیو بنا کر شیئر کی تھی، جس میں انہوں نے واضح طور پر کہا تھا کہ وہ شوبز کو چھوڑ نہیں رہے بلکہ وقفہ لے رہے ہیں۔ان کے مطابق انہوں نے ویڈیو میں بتایا تھا کہ انہیں خدا، رسول اور اسلام سے متعلق اپنے کچھ سوالوں کے جوابات ملے ہیں اور جوابات اور مذہب کو مزید سمجھنے کے لیے وہ کچھ وقت تک شوبز سے وقفہ لیں گے۔اداکار کا کہنا تھا کہ انہوں نے ویڈیو میں ایک بار بھی یہ نہیں کہا تھا کہ وہ مذہب اسلام کی خاطر شوبز کو چھوڑ رہے ہیں بلکہ انہوں نے یہ کہا تھا کہ وہ مذہب کو سمجھنے کے لیے شوبز سے وقفہ لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کی مکمل ویڈیو کو نہ سنا گیا، نہ دیکھا گیا اور اگلے روز پورے میڈیا نے یہ ہیڈلائنز لگائیں کہ حمزہ علی عباسی نے مذہب اسلام کی خاطر شوبز چھوڑ دیا۔انہوں نے بتایا کہ شوبز سے وقفہ لینے کے بعد وہ مبلغ و اسکالر جاوید احمد غامدی سے تعلیم لینے ڈلاس چلے گئے، جہاں وہ ایک سال تک تعلیم حاصل کرتے رہے اور انہیں اپنے تمام سوالوں کے جوابات ملے۔حمزہ علی عباسی کا کہنا تھا کہ جاوید احمد غامدی نے انہیں تعلیم دی اور جہاں تک ان کا علم ہے، وہاں تک فنون لطیفہ مذہب اسلام میں جائز ہے لیکن ہمارے معاشرے میں اسلام اور فنون لطیفہ کو مخالف سمجھا جاتا ہے۔
